سعودی ولی عہد نے وزیراعظم سے ملاقات میں دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔
شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات ون واٹرسربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوئی۔
سعودی ولی عہد کی 6 ماہ کے دوران شہبازشریف سے 5 ویں بار ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ حقیقی محبت اورباہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ملکوں کے عوام کوجوڑتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور دوطرفہ تعلقات میں بڑی تبدیلی لانے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا فروغ پاکستان کی معاشی، ترقی خوشحالی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کیلئے سعودی مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتارپر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد سے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات پراظہارتشکر کیا اور انہیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی اور کہا کہ جلد دورہ پاکستان کا منتظر ہوں۔