شدید بارشوں کی پیشگوئی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد: شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال کا خطرہ سامنے آنے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 26 تا 28 اگست کے دوران پنجاب، کے پی میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ موسلا دھار بارش سے متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
کے پی میں سوات، دیر، مردان، کوہستان اور بونیرمیں ندی نالوں میں بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، گلیات، پشاور، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت اور مانسہرہ میں بھی بہاؤ تیز ہونے کا امکان ہے۔
بٹگرام، کوہاٹ، اورکزئی، خیبر اور ڈی آئی خان کے ندی نالوں میں بہاؤ میں اضافے کا خطرہ ہے، نشیبی علاقوں میں طغیانی، موسلادھاربارش اور بجلی گرنے سےمعمولات متاثر ہوسکتے ہیں، کچے مقانات کی چھتوں، دیواروں، کھمبوں، بل بورڈز اور سولرپینل وغیرہ کونقصان کا خدشہ ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اےالرٹ میں کہا گیا ہے کہ عوام سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، سیاح اور مسافر شدید بارشوں کے دوران ان علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔