بھارت میں کرکٹ کو جتنا پسند کیا جاتا ہے اتنا ہی فٹبال کا کھیل بھی عوام میں مقبول ہو رہا ہے،ایسے میں اب  بھارتی فٹبال فینز کے لیے ایک بڑی خوشخبری بھی سامنے آئی ہے۔
فٹبال کی دنیا کی بات کریں تو 2 کھلاڑیوں کا ذکر ہر زبان پر ہوگا، وہ نام پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے لیونل میسی کا ہے۔
تمام فٹبال شائقین کی خواش ہوتی ہے کہ وہ میسی یا رونالڈو میں سے کسی کو بھی اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے دیکھیں۔اس بار بھارتی شائقین کی ایک ایسی ہی خواہش پوری ہونے جارہی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی اگلے سال بھارت میں فٹبال میچ کھیلنے آئیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ریاست کیرالہ کے وزیر کھیل نے بدھ کو انکشاف کیا کہ ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم، بشمول لیجنڈ کھلاڑی لیونل میسی، اگلے سال ایک انٹرنیشنل میچ  کھیلنے کے لیے کیرالہ آئیں گے۔
کیرالہ کے وزیر کھیل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ میچ مکمل طور پر ریاستی حکومت کی نگرانی میں منعقد کیا جائے گا۔اس کے  تمام مالی اخراجات ریاست کے تاجر اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ میسی نے اس سے قبل 2011 میں بھارت میں ایک میچ کھیلا تھا۔
بھارت میں 2011 میں ارجنٹائن اور وینزویلا کے درمیان ایک بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلا گیا تھا، یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔
Card image cap
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری: بابر اعظم اور محمد رضوان کی تنزلی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز کی نئی  رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی  کی جانب سے جاری  ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی نئی رینکنگ  میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈکا پہلا نمبربرقرار ہے جب کہ انگلینڈ کے فل سارٹ دوسرے نمبر پر ہیں۔
بھارت کے تلک ورما نے اونچی چھلانگ لگائی اور وہ 69 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پرپہنچ گئے ہیں۔
فہرست میں بھارت کے سوریا کمار یادیو ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے، بابراعظم ایک درجے تنزلی کے بعد پانچویں اور محمد رضوان ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلےگئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ
ٹی ٹوئنٹی بولرزکی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید کا پہلا نمبر ہے، اس فہرست میں   سری لنکا کے وینندو ہسرنگا دوسرے اور  آسٹریلیا کے ایڈم زمپا5  درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پرآگئے ہیں۔
ٹاپ  ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں حارث رؤف 4 درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبرپر آگئے ہیں، حارث رؤف ٹاپ ٹوئنٹی میں واحد پاکستانی بولر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز  رینکنگ 
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلی پوزیشن پرموجود ہیں، نیپال کے دیپندرا سنگھ ایری کی دوسری پوزیشن برقرار ہے جب کہ انگلینڈ کے لیام لیونگسٹن 2 درجے تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن پرچلے گئے ہیں۔

Card image cap
بھارت پاکستان میں ہونیوالے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار

بھارت پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہوگیا۔
بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 23 نومبر سے پاکستان میں شروع ہونا ہے لیکن بھارتی حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا۔
بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارت کھیل نے این او سی جاری کیا تھا جس کے بعد ٹیم کو وزارت داخلہ اور خارجہ نے این او سی جاری کرنا تھا۔
بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خارجہ نے این او سی دینے سے انکار کیا ہے۔
بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شیلندرا یادیو  کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی لیٹر ملنا ہے لیکن اب ہم نے گفتگو کی بنیاد پر پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم 25 روز حکومتی اجازت کا انتظار کر رہے تھے ، ہم اب مزید انتظار نہیں کر سکتے کیونکہ اب ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے،  جب وزارت خارجہ سے فون پر بات تو انہوں نے این او سی نہ دینے کا بتایا، ہمیں کہا گیاہے کہ ہم انکار کا باضابطہ لیٹر بھی دیں گے۔

Card image cap
ملک کی عزت سب سے پہلے، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی: محسن نقوی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہےکہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اور اگر بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کا کام تیزی سے جاری ہے، قذافی اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل ہوجائےگا، تمام انکلوژرز قائم رہیں گے، کوئی انکلوژر ختم نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے، باقی باتیں بعد میں ہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے، ہمارا رابطہ صرف آئی سی سی سے ہے، ان کے جواب کا انتظار ہے جب کہ  بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے ،ہم بھارت کے تحفظات دور کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مجھے سب اچھے کی امید ہے، کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور رہیں گے، آئی سی سی جلد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گا، ہمیں اپنا کام مکمل کرنا ہے اس لیے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہاب ریاض مسلسل کام کر رہے ہیں، کسی کو ہٹایا نہیں تھا اور محمد یوسف کو بھی کہیں جانے نہیں دے رہے، میں کرکٹرز کو اکٹھا کر رہا ہوں ، جانے کیسے دوں گا، عبدالرزاق بھی میرے لیے بہت اہم ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورمنسوخ نہیں ہوا ابھی ری شیڈول ہوا ہے۔


تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست، آسٹریلیا نے پاکستان کو سیریز میں وائٹ واش کردیا

ہوبارٹ: تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں وائٹ واش کر لیا، پاکستان کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا تاہم شاہین آفریدی نے 16 کے مجموعے پر میتھیو شارٹ کو آؤٹ کر دیا اور 30 رنز پر جہانداد خان نے جیک فریسر کو بھی پویلین بھیج دیا۔
آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 27 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد مارکس اسٹوئنس اور ٹم ڈیوڈ نے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، اسٹوئنس نے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ ٹم ڈیوڈ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی اننگز
قبل ازیں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ حسیب اللہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ففٹی اسکور کرنے والے عثمان خان صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سابق کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ عرفان خان 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے علاوہ عباس آفریدی بھی ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔
ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے  کی کوشش میں باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صفیان مقیم تھے جو ایک رن بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن کے حصے میں دو  دو وکٹیں آئیں۔
آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، کپتان محمد رضوان کو آرام دیا گیا اور ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ کو موقع دیا گیا جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کینگروز نے گرین شرٹس کو 13 رنز سے ہرایا تھا۔

زمبابوے کا پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان

زمبابوے نے پاکستان کےخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
زمبابوے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 15،15 رکنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
ون ڈے اسکواڈ کی قیادت ارون کریگ اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سکندر رضاکریں گے۔
پاکستان ٹیم آسٹریلیا سے براہ راست زمبابوےجائے گی۔گرین شرٹس اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
دونوں ٹیموں کےدرمیان پہلا ون ڈے میچ 24 نومبر کو بولاوایو میں کھیلا جائےگا جبکہ دوسرا ون ڈے 26 اور آخری میچ 28 نومبر کو ہوگا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ یکم دسمبر، دوسرا 3 اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 5 دسمبر کو کھیلاجائےگا۔
سیریز کےتمام میچز بولاوایو میں کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پیر کو ہوبارٹ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں وائٹ واش کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

سدھو نے کپل کے پروگرام میں واپس آنے کیلئے دلچسپ شرط رکھ دی

بھارتی ریاست پنجاب کے سابق وزیر و سابق کرکٹر نووجوت سنگھ سدھو نے کپل شرما شو میں واپسی کے لیے انوکھی شرط رکھ دی۔
حال ہی میں ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر  'دی گریٹ انڈین کپل شو' کی نئی قسط نشر ہوئی جس میں سدھو اور ان کی اہلیہ سمیت بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اپنی اہلیہ کے ساتھ بطور مہمان شریک ہوئے۔
سدھو تقریباً 5 سال بعد کپل کے پروگرام میں دکھائی دیے، پروگرام کے اختتام پر سدھو نے کہا کہ یہ دن میری زندگی کا سب سے شاندار اور یادگار دن رہے گا، ساتھ ہی انہوں نے شو میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔
نووجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ میں چاہتا ہوں جیسے یہ سب گلدستہ پہلے ہوتا تھا، ہم سب ساتھ ہوا کرتے تھے ویسے ہی اب دوبارہ ہم ساتھ ہوں لیکن اس میں ارچنا سنگھ بھی ساتھ ہوں۔
سدھو نے شرط رکھی کہ میں صرف ایک شرط پر واپس آؤں گا جب ارچنا بھی شو کا حصہ رہیں گی اور ہم دونوں اس شو میں موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ سدھو 2019 تک اس شو کا اہم حصہ رہے تاہم پلوامہ حملے سے متعلق سدھو کے ایک بیان نے بھارت میں ہنگامہ کھڑا کردیا تھا اور انتہاپسندہندوؤں نے ان کے خلاف مظاہرے شروع کردیے تھے جس کے بعد سدھو کو کامیڈی شو سے نکالنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، بصورت دیگر شو کے بائیکاٹ کی دھمکی دی گئی جب کہ ان کے خلاف ممبئی کی فلم سٹی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ہندو انتہا پسندوں کے احتجاج پرکامیڈی شو کی انتظامیہ نےگھٹنے ٹیکتے ہوئے سدھو کو شو سے علیحدہ کردیا تھا۔
سدھو کے بعد ان کی کرسی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے سنبھالی اور اب تک وہ ہی کپل کے ساتھ شو میں شریک ہیں۔

دبئی نے ثانیہ مرزا کو اپنا اسپورٹس ایمبیسڈر مقرر کر دیا

سابق بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا کو  دبئی نے اپنا اسپورٹس ایمبیسڈر( کھیلوں کی سفیر)  مقرر کر دیا ۔
ثانیہ مرزا کو بدھ کے روز دبئی اسپورٹس کونسل کی جانب سے اسپورٹس ایمبیسڈر مقرر کیا گیا۔
2005 میں قائم  ہونے والی دبئی اسپورٹس کونسل متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی کا سرکاری ادارہ ہے۔ یہ کونسل دبئی کے 7 مقامی اسپورٹس کلبوں کی نگرانی کرتی ہے اور معاشرتی سطح پر خاص طور پر خواتین اور بچوں میں جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی سرگرم ہے۔
37 سالہ سابق ٹینس اسٹار نے اس خوشخبری کو اپنے مداحوں اور فالوورز کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام پر  لکھا کہ 'دبئی کی اسپورٹس ایمبیسڈر بننے پر فخر اور شکرگزار ہوں۔
بدھ کو دبئی میں ہونے والی اس تقریب میں کھیلوں کی دنیا کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں یو ایف سی چیمپئن خبیب اور سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ شامل تھے۔
ثانیہ مرزا کو اس کامیابی پر سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے گزشتہ سال آسٹریلین اوپن 2023 میں اپنا آخری میچ کھیل کر ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔