پنجاب کے شہر چکوال اور تلہ گنگ میں اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی سی چکوال قرۃ العین ملک کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سی ای او ایجوکیشن، ٹریفک حکام، اسکولز ایسوسی ایشنز نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام اسکولز جانے والے رکشوں، وینز ڈرائیورز کے لائسنس یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ بھی یقینی بنائے جائیں۔

ڈی سی چکوال نے کہا کہ اسکول، چوکیدار بچوں کے بحفاظت داخلے اور اخراج کی نگرانی کریں گے۔

قرۃ العین ملک نے کہا کہ والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کا سفر محفوظ ہو، ایس او پیز کے نفاذ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں اسکول وینز میں سلنڈر پھٹنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

اس سے قبل مظفر گڑھ میں اسکول وین میں سلنڈر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 بچے زندہ جل گئے تھے جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔

مظفرگڑھ میں تھانہ چوک قریشی کے علاقے قصبہ گجرات کے نزدیک نجی اسکول کی وین میں بچے اور ٹیچرز سوار ہوئیں تو وین میں سی این جی سلنڈر لیک ہو رہا تھا، ڈرائیور نے وین کا دروازہ بند کیا تو سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور وین میں آگ لگ گئی تھی۔

Card image cap
سوشل میڈیا پر یتیم بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیرتعلیم کا متاثرکُن اقدام

سوشل میڈیا پر یتیم بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیرتعلیم پنجاب سے بچوں کے تمام تر تعلیمی اخراجات برداشت کرنیکا اعلان کردیا۔

وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندرحیات نے سوشل میڈیا پر 10 سالہ یتیم بچےعلی حمزہ کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لےلیا، پرانی منڈی کے رہائشی علی حمزہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیر نے اس یتیم بچے کو اپنے پاس طلب کرلیا۔

سڑکوں پر مختلف اشیا بیچنے والے بچے نے ویڈیو میں وزیرتعلیم سے پڑھنے کی خواہش ظاہر کی تھی، وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بچے، اس کے بھائی اور والدہ کو اپنے گھر بلوالیا۔

وزیرتعلیم پنجاب نے فوری طور پر بچوں کو یونیفارم، کتابیں اور اسکول بیگ دلوا دیا، رانا سکندر نے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے اور ماہانہ خرچ دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر نے بچوں کیساتھ لنچ کیا اور کہا کہ یہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، صوبائی وزیر نے بچوں کی والدہ کو نقد امداد دی اور گھر میں بجلی کا میٹرلگوانے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر محنت کش بیوہ خاتون نے وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے اس اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Card image cap
پاکستانی طلبہ نے ٹوکیو روبوٹک کمپٹیشن میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی

کراچی کے طلبہ نے ملک کا نام روشن کردیا، ٹوکیو بائیو روبوٹک کمپٹیشن میں طلبہ نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

بائیو میڈیکل انجینئرنگ سے تعلق رکھنے والے تین پاکستانی طلبہ فخر، اریب اور زیرش نے ملکر ایک پروجیکٹ بنایا ہے جسے ‘روبوٹک گراسپر انٹیی گریٹڈ وتھ ہیپٹک فیڈ بیک میکنزم‘ کا نام دیا گیا ہے، یہ سرجری کے حوالے سے ڈاکٹرز کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

اس روبوٹ کے باوز ہیں جبکہ اس کے آگے روبوٹک گراسپر بھی لگا ہوا ہے اور ایک ہینڈ ویئر ڈوائس بھی اس کے ساتھ منسلک ہے۔

طلبہ کی جانب سے اس پروجیکٹ کو جاپان میں منعقد ہونے والے آئی ای ای ای ریجن 10 روبوٹکس کمپٹیشن میں پیش کیا گیا جہاں ان کی اس کاوش کو کافی سراہا گیا۔

اس کمپٹیشن میں پاکستان بھر کی یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے حصہ لینے کےلیے اپنے پروجیکٹ بھیجے تھے تاہم سلیم حبیب یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے تینوں طلبہ کے پروجیکٹ کو مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا۔

روبوٹک مقابلے میں بھارت کی بھی چار ٹیمں شامل تھیں جبکہ مجموعی طور پر 10 ممالک کے طلبہ نے جاپان میں منعقدہ بائیومیڈیکل انجینئرنگ مقابلے میں حصہ لیا۔