’لبنان میں دہشت گرد حملے اسرائیلی مہم جوئی کا ثبوت ہے‘

’لبنان میں دہشت گرد حملے اسرائیلی مہم جوئی کا ثبوت ہے‘

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ لبنان میں دہشت گرد حملے اسرائیلی مہم جوئی کا ثبوت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی دہشت گرد حملے خطے میں خطرناک مہم جوئی کا مظہر ہیں جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کو عالمی دہشت گردی سے روکے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا محاسبہ کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

یہ پڑھیں: اسرائیل نے لبنان میں پیجر دھماکوں سے قبل امریکا کو کیا بتایا؟

واضح رہے کہ لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان میں مواصلاتی آلات میں دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے جبکہ حملوں میں زخمی ہونے والے 287 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے ٹھوس مؤقف اختیار کرے، یہ معاملہ صرف لبنان کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل نے 2010 سے حزب اللہ کی جیومیپنگ کررکھی ہے، الجزیرہ

لبنانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ خود مختاری، سلامتی پر حملہ خطرناک ہے جو وسیع جنگ کا اشارہ ہے۔

علاوہ ازیں دھماکوں کے بعد لبنان میں مسافروں کے طیاروں میں پیجرز اور واکی ٹاکی لے جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔