حکمران جماعت کا چیئرمین پی اے سی کیلیے عبوری چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ

حکمران جماعت کا چیئرمین پی اے سی کیلیے عبوری چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکمران جماعت نے قومی اسمبلی کے چیئرمین پی اے سی کے لیے عبوری چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف وہپ طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ بہترین عوامی مفاد میں عہدہ زیادہ دیر تک خالی نہیں رکھا جاسکتا، چیئرمین پی اے سی کے لیے الیکشن ایک سے دو روز میں ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی کے لیے دو خطوط لکھے تھے جس میں کہا گیا کہ اپوزیشن 4 ممبران پر مشتمل پینل بھجوائے لیکن اب تک دونوں خطوط کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومتی ممبر کو چیئرمین پی اے سی منتخب کیا جائے گا، حکومتی چیئرمین عارضی طور پر منتخب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 4 ناموں پر مشتمل پینل بھجوائے گی تو منتخب شدہ چیئرمین مستعفی ہوجائے گا، پی اے سی کا اجلاس اور الیکشن غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔

طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کی امانت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے الیکشن کے ذریعے اپوزیشن کا چیئرمین منتخب کروایا جائے گا، پبلک اکاونٹس کمیٹی کی اہمیت کی وجہ سے اسکے اجلاس اور الیکشن کو غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔