گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی کا سرچ انجن (گوگل) 2025 میں نمایاں حد تک بدل جائے گا۔
ایک کانفرنس کے موقع پر سندر پچائی نے کہا کہ 'میرے خیال میں ہم گوگل سرچ میں بہت زیادہ پیچیدہ سوالات کے جواب بھی دے سکیں گے'۔
انہوں نے بتایا کہ 'میرے خیال میں آپ حیران رہ جائیں گے، یہاں تک کہ 2025 کے شروع میں بھی سرچ میں کافی کچھ نیا کرنا ممکن ہوگا'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'جب میں مستقبل کی جانب دیکھتا ہوں تو اندازہ ہوتا ہے کہ ہم بہت بڑی تبدیلی کے ابتدائی مراحل سے گزر رہے ہیں، میرے خیال میں آگے کافی تنوع دیکھنے میں آئے گا، ہم اس شعبے میں سب سے آگے رہنے کے لیے پرعزم ہیں اور میرے خیال میں ابھی بھی ہم سب سے آگے ہیں'۔
خیال رہے کہ گوگل نے 2024 میں اپنے سرچ انجن آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے متعلق کافی کچھ شامل کیا ہے۔
مثال کے طور پر اے آئی سرچ سمریز کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ گوگل لینس کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ آپ ویڈیوز کے مواد کو ویب ورژن پر سرچ کرسکیں۔
کمپنی کی جانب سے جیمنائی ماڈل میں ایک بڑی اپ ڈیٹ کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے تاکہ وہ مائیکرو سافٹ اور اوپن اے آئی کا مقابلہ کرسکے۔
خیال رہے کہ ستمبر 2023 کو ایک بلاگ پوسٹ میں سندر پچائی نے اے آئی ٹیکنالوجی کو حالیہ عرصے کی اہم ترین پیشرفت قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی ہماری زندگی میں ہونے والی سب سے بڑی ٹیکنالوجی پیشرفت ثابت ہوگی اور یہ انٹرنیٹ سے بھی بڑی ہو سکتی ہے۔
سندر پچائی نے بلاگ پوسٹ میں کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی دنیا کو بدل کر رکھ دے گی جبکہ اس سے انسانی اختراع کا عمل تیز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کو ہر فرد کے لیے مددگار بنانا اور ذمہ داری سے اس کا پھیلاؤ اگلے 10 برس کے لیے ہمارا اہم ترین کام ہے۔
Card image cap
ایکس (ٹوئٹر) کی جانب سے اے آئی چیٹ بوٹ گروک کا مفت ورژن متعارف کرانے کیلئے تیار

ایکس (ٹوئٹر) میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ گروک تک رسائی اب تک ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین تک محدود ہے۔
مگر اب لگتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے اس اے آئی چیٹ بوٹ کا مفت ورژن متعارف کرانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق متعدد صارفین کی جانب سے ایکس پوسٹس میں بتایا گیا کہ گروک کا مفت ورژن مخصوص خطوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دستیاب ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایکس کو مفت استعمال کرنے والے صارفین کو گروک کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔
مثال کے طور پر وہ گروک 2 ماڈل سے 2 گھنٹوں میں 10 سوالات پوچھ سکیں گے اور ایک دن میں 3 تصاویر کا تجزیہ کراسکیں گے۔
گروک کو مفت استعمال کرنے کے لیے چند شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔
اس مقصد کے لیے اکاؤنٹ کم از کم 7 دن پرانا ہونا ضروری ہوگا اور اسے کسی فون نمبر سے لنک کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے گروک 2 ماڈل اگست 2024 میں متعارف کرایا تھا جو تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ستمبر 2024 میں کمپنی کی جانب سے اس ماڈل کو تصاویر کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت سے لیس کیا گیا تھا۔
اب تک یہ فیچرز صرف ایکس پریمیئم اور پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب تھے مگر اب تمام افراد انہیں استعمال کرسکیں گے۔
اس کا ممکنہ مقصد گروک صارفین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے تاکہ فیڈ بیک سے اس اے آئی چیٹ بوٹ کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔

Card image cap
کینیڈا کا ٹک ٹاک کو اپنی سرزمین پر بزنس آپریشنز بند کرنیکا حکم

کینیڈا نے ٹک ٹاک کو اپنی سرزمین پر تمام بزنس آپریشنز بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
کینیڈا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس کو 'قومی سلامتی کے لیے خطرہ' قرار دیکر یہ فیصلہ کیا گیا۔
اس اقدام کے بعد ٹک ٹاک کو کینیڈین سرزمین پر اپنا کاروبار بند کرنے کے لیے مجبور کیا جائے گا مگر وہاں ویڈیو شیئرنگ ایپ کے استعمال پر پابندی عائد نہیں کی جا رہی۔
کینیڈا کے وزیر سائنس و صنعت François-Philippe Champagne نے کہا کہ  'بائیٹ ڈانس کے آپریشنز سے قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ فیصلہ ان شواہد اور تفصیلات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا جن کو کینیڈا کی سکیورٹی اور انٹیلی جنس کمیونٹی اور دیگر حکومتی شراکت داروں کے مشورے کے بعد اکٹھا کیا گیا'۔
اس سے قبل کینیڈا نے حکومتی ڈیوائسز پر ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔
اسی طرح کچھ مہینے قبل امریکا نے بھی ایک قانون کی منظوری دی تھی جس کے تحت ٹک ٹاک کو امریکی سرزمین پر اپنا کاروبار کسی مقامی کمپنی کو فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، ورنہ اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
امریکا نے بھی اس فیصلے کے لیے قومی سلامتی کو لاحق مبینہ خطرات کو جواز بنایا تھا۔
دوسری جانب ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے کینیڈا کے حکم کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ٹک ٹاک کے کینیڈا میں موجود دفاتر کی بندش اور سیکڑوں مقامی ملازمتوں کو ختم کرنا کسی کے مفاد میں نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔

Card image cap
اسمارٹ فون کی بیٹری لائف بڑھانا چاہتے ہیں؟ تو یہ آسان ترین طریقہ آزما کر دیکھیں

کیا آپ اپنے اسمارٹ فون کی بیٹری لائف کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں؟
تو اچھی بات یہ ہے کہ ایک آسان طریقے سے آپ فون کی بیٹری لائف کو کسی حد تک بہتر بناسکتے ہیں۔
جی ہاں واقعی اسمارٹ فون میں ڈارک موڈ یا تھیم کو ان ایبل کرکے بیٹری لائف کو بڑھانا ممکن ہے مگر اس کے لیے چند چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
ڈارک موڈ کیا ہے؟
بیٹری لائف اور ڈارک موڈ کے تعلق پر بات کرنے سے پہلے یہ جاننا چاہیے کہ یہ ہوتا کیا ہے۔
ڈارک موڈ کو ڈارک تھیم بھی کہا جاتا ہے جسے فونز کے سسٹم سے ان ایبل کرنے پر متعدد ایپس کا یوزر انٹرفیس سفید کی بجائے بلیک یا بلیک گرے رنگوں میں نظر آنے لگتا ہے۔
اس کے متعدد فوائد ہیں کیونکہ ڈارک موڈ سے پاور کم خرچ ہوتی ہے اور بیٹری لائف بڑھتی ہے، مگر یہ اتنا بھی سادہ عمل نہیں۔
درحقیقت ڈارک موڈ سے بیٹری لائف کو بہتر بنانے کا انحصار 2 عناصر پر ہوتا ہے، ایک اسکرین ٹیکنالوجی اور دوسرا سسٹم بیک گراؤنڈ کلر۔
اسکرین ٹیکنالوجی
آج کل زیادہ تر اسمارٹ فونز میں او ایل ای ڈی یا ایل سی ڈی ڈسپلے ٹیکنالوجیز کا استعمال ہوتا ہے۔
ڈارک موڈ سے بیٹری لائف بچانے کے لیے او ایل ای ڈی ڈسپلے زیادہ بہترین ہوتا ہے، ایل سی ڈی اسکرین والے فونز میں ڈارک موڈ سے بیٹری لائف بہت زیادہ بہتر نہیں ہوتی۔
بیک گراؤنڈ کلرز
اسکرین ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ڈارک موڈ ان ایبل کرنے پر کسی پلیٹ فارم یا ایپ میں استعمال ہونے والے بیک گراؤنڈ کلر بھی بیٹری لائف کے حوالے سے اہم ہوتے ہیں۔
یعنی اگر بیک گراؤنڈ کلرز حقیقی معنوں میں بلیک ہوں تو بیٹری لائف بہتر ہوجاتی ہے۔
تو ڈارک موڈ سے بیٹری لائف کتنی بہتر ہوسکتی ہے؟
2021 کی ایک تحقیق میں 6 مختلف ایپس گوگل میپس، گوگل نیوز، یوٹیوب اور دیگر میں ڈارک موڈ سے بیٹری لائف پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اگر فون کی اسکرین برائٹنس 30 سے 50 فیصد ہو تو ڈارک موڈ ان ایبل کرنے سے بیٹری لائف میں محض 3 سے 9 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔
البتہ اگر ڈارک موڈ ان ایبل کرنے سے پہلے یا اس کے بعد اسکرین برائٹنس کو 100 فیصد کردیا جائے تو بیٹری لائف 39 سے 47 فیصد بڑھ جاتی ہے۔
تو کیا یہ واقعی مؤثر ہے؟
جی ہاں ڈارک موڈ سے فون کی بیٹری لائف بہتر ہوتی ہے، البتہ دورانیہ ہر فون میں الگ الگ ہوسکتا ہے جس کا انحصار مختلف عناصر پر ہوتا ہے جن کا ذکر اوپر ہوچکا ہے۔
مگر یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ فون کی بیٹری لائف کو کچھ بہتر بنانے کا آسان ترین طریقہ ہے کیونکہ آپ کو خود زیادہ محنت نہیں کرنا پڑتی بلکہ فون کی سیٹنگز میں جاکر بس ڈارک موڈ یا تھیم کو ان ایبل کرنا ہوتا ہے بس، جس سے مختلف ایپس کا یوزر انٹرفیس خودکار طور پر ڈارک رنگ کا ہوجاتا ہے۔

Card image cap
میٹا کا گوگل کے مقابلے میں اپنا اے آئی سرچ انجن متعارف کرانے کا فیصلہ

میٹا کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی سرچ انجن کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے گوگل اور مائیکرو سافٹ کے بنگ سرچ انجنز پر انحصار کم کرنے کے لیے اپنا اے آئی سرچ انجن تیار کرنے کا فیصلہ کیا  گیا ہے۔

اس سے قبل چیٹ جی پی ٹی کو تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے بھی اپنا اے آئی سرچ انجن متعارف کرایا تھا تاکہ اس شعبے میں گوگل سرچ کی بالادستی کو ختم کیا جاسکے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ میٹا کا یہ سرچ انجن میٹا اے آئی چیٹ بوٹ میں صارفین کو تفصیلات فراہم کرے گا۔

ابھی نیوز، اسٹاکس اور اسپورٹس وغیرہ کی تفصیلات کے لیے میٹا کو گوگل اور بنگ سرچ انجنز پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

میٹا کی جانب سے اس رپورٹ پر ابھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

مگر میٹا نے گزشتہ دنوں خبر رساں ادارے رائٹرز کے ساتھ معاہدہ کیا تھا تاکہ اس کا مواد استعمال کرکے رئیل ٹائم میں صارفین کو حالات حاضرہ اور خبروں سے متعلق سوالات کے جوابات دیے جاسکیں۔

گوگل کی جانب سے بھی بہت تیزی سے اے آئی ماڈل جیمنائی کو سرچ انجن کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے ویب سرچنگ کا تجربہ زیادہ بہترین ہوسکے۔

اوپن اے آئی کو اس مقصد کے لیے مائیکرو سافٹ بنگ پر انحصار کرنا پڑتا ہے اور اس کا اپنا سرچ انجن ابھی مکمل طور پر فعال نہیں ہوسکا ہے۔


دنیا کا پہلا ائیرپورٹ جسے جدید ٹیکنالوجی سے پاسپورٹ فری بنا دیا گیا

اگر آپ بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں تو ائیرپورٹ پر پاسپورٹ، شخصیت کی تصدیق اور دیگر مراحل کے لیے کافی وقت درکار ہوتا ہے۔

تصور کریں کہ اگر آپ کو اپنی پرواز پر پاسپورٹ، شناختی دستاویزات یا ٹکٹ دکھائے بغیر سوار ہونے کا موقع ملے تو کتنا وقت بچے گا؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر دنیا میں پہلی بار ایک ائیر پورٹ میں مسافر محض 10 سیکنڈ میں امیگریشن کے تمام مراحل سے گزر سکتے ہیں۔

یہ ہے سنگاپور کا چانگی ائیر پورٹ، جہاں اب پاسپورٹ دکھانے کی ضرورت نہیں بلکہ تمام تر کام بائیو میٹرکس کے ذریعے ہوتا ہے۔

امیگریشن اینڈ چیک پوائنٹس اتھارٹی (آئی سی اے) کی جانب سے 24 اکتوبر کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ 30 ستمبر سے چانگی ائیرپورٹ کے چاروں ٹرمینلز میں پاسپورٹ فری کلیئرنس سسٹم کا مکمل اطلاق ہوچکا ہے۔

30 ستمبر سے وہاں چہرے کو اسکین کرنے کے سسٹم کو استعمال کیا جا رہا ہے جس سے امیگریشن کے عمل کے وقت میں 60 فیصد کمی آئی۔

غیر ملکی مسافروں کو اب بھی وہاں پہنچنے پر پاسپورٹس دکھانے کی ضرورت ہے مگر واپس جاتے ہوئے ایسا کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ بائیومیٹرکس ہی کافی ہوگا۔

15 اکتوبر تک 15 لاکھ مسافر پاسپورٹ پیش کیے بغیر امیگریشن کلیئر کرچکے تھے۔

حکام کے مطابق تمام مسافروں کو سنگاپور پہنچنے سے 3 دن قبل SG Arrival Card جمع کرانا ہوگا۔

یہ دنیا کا پہلا ائیرپورٹ ہے جہاں مسافروں کی کلیئرنس کے ایسے نظام کا اطلاق بڑے پیمانے پر کیا گیا ہے۔

اس نئے کلیرنس سسٹم کی آزمائش کافی عرصے سے کی جا رہی تھی اور اگست 2024 میں اس کا ٹرائل شروع ہوا تھا اور اب جاکر اس کا اطلاق کیا گیا ہے۔


ایپل کے سستے ترین آئی فون کو متعارف کرانے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کی تیاری کے حوالے سے کافی عرصے سے رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔

اب ایک نئی لیک میں بتایا گیا کہ ایپل کا سستا ترین آئی فون کب متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

لیک کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کو 2025 کی اولین سہ ماہی کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔

آئی فون ایس ای (2022) کی جگہ لینے والے نئے آئی فون کا ڈیزائن بھی پہلے سے مختلف ہونے کا امکان ہے۔

مختلف لیکس کے مطابق یہ نیا آئی فون ایس ای بنیادی طور پر آئی فون 14کے ڈیزائن پر مبنی ہوگا یعنی اس میں ہوم بٹن موجود نہیں ہوگا جبکہ اس میں فیس آئی ڈی کے آپشن کا اضافہ کیا جائے گا۔

نئی لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون ایس ای 4 کی پروڈکشن دسمبر میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

ایپل کی ڈیوائسز کے حوالے سے درست لیکس کرنے والے تجزیہ کار منگ چی کیو نے بتایا کہ دسمبر میں پروڈکشن شروع کی جائے گی اور مارچ تک اسے صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون ایس ای 4 کے بیک پر 48 میگا پکسل کیمرا ہوسکتا ہے۔

اسی طرح گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں اس کا ڈسپلے بڑا ہوگا اور فون میں 6.06 انچ کی اسکرین دیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ابھی آئی فون ایس ای (2022) اس کمپنی کا سستا ترین فون ہے، جو 429 ڈالرز میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

ٹک ٹاک کا پی ٹی اے کے تعاون سے نوجوانوں کیلئے ایک مقابلہ منعقد کرانے کا اعلان

ٹک ٹاک وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں میں بہت زیادہ مقبول ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے نوجوانوں میں ڈیجیٹل سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے ڈیجیٹل حفاظت (DigitalHifazat#) نامی مقابلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس مقابلے کے تحت ٹک ٹاک صارفین کو ایسی مختصر ویڈیوز تیار کرنی ہوں گی جن میں 6 موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہو۔

ان موضوعات میں سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال، آن لائن ہراس کا مقابلہ، آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام، نوجوانوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا، ٹک ٹاک کے سیفٹی ٹولز کو سمجھنا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کا تدارک شامل ہیں۔

اس مقابلے کا مقصد سوشل میڈیا صارفین میں آن لائن تحفظ اور شیئر کرنے سے قبل معلومات کی تصدیق کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

صارفین DigitalHifazat# ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی ویڈیوز پوسٹ کرکے مقابلے میں شامل ہوسکتے ہیں۔

ٹک ٹاک پر مقابلے کے آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر فارم بھر کر ویڈیوز کے ساتھ جمع کرانا ضروری ہے۔

20 اکتوبر سے 5 نومبر 2024 تک جاری رہنے والے مقابلے کے نتائج کا اعلان آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر کیا جائے گا اور 3 افراد کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔

غیر معیاری سلنڈر فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ

کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس میں غیر معیاری سلنڈر کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت ایل پی جی کی غیر قانونی فروخت کے خلاف اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، اوگرا، سول ڈیفینس اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں ایل پی جی اور سلنڈر کی غیر قانونی فروخت کے خلاف اقدامات اور کارروائی کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر کمشنر سید حسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر معیاری سلنڈروں فرخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیلیے مربوط کوششیں کی جائیں۔

اجلاس میں اوگرا کے افسران نے ایل پی کے ڈسٹری بیوشن نظام کے بارے میں بریفنگ دی کہ ضلع شرقی میں ایل پی جی کی غیر قانونی فروخت کرنے والی 97 دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی، دکانوں کو سربمہر کیا گیا جبکہ ضلع وسطی میں 25 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

کورنگی، کیماڑی اور غربی میں بھی کارروائی کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ کمشنر نے اوگرا سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کو ہدایت دی کہ ایل پی جی کی غیر قانونی فروخت کی روک تھام کیلیے اقدامات کو مؤثر بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں اوگرا، سول ڈیفنینس اور پولیس کی مدد سے غیر قانونی فروخت کے خلاف مربوط کوششیں کریں۔