مصنوعی ذہانت پر مبنی آنسر انجن پرپلیکسٹی اے آئی کے
بھارتی سی ای او نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے استعفے کے اعلان پر
کینیڈین صارفین کے لیے مفت سبسکرپشن کا اعلان کردیا۔
سماجی
رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اروند سری نواس نے اعلان کیا کہ
جسٹن ٹروڈو کے استعفے کے بعد کینیڈین عوام کے ذہن میں یقینی طور پر ملک کے
مستقبل کے حوالے سے بہت سے سوالات پیدا ہو رہے ہیں، ان کے درست جوابات
فراہم کرنے میں مدد کے لیے ہم تمام کینیڈین صارفین کو پرپلیکسٹی پرو ایک
ماہ کے لیےمفت دے رہے ہیں۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق پرپلیکسٹی مصنوعی ذہانت پر مبنی
ایک آنسر انجن ہے جو کسی بھی سوال کے درست اور قابل اعتماد جوابات فراہم
کرتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے کمپنی کے اس اعلان کو تشہیر کا ایک عمدہ طریقہ قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
جسٹن
ٹروڈو کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے متبادل کا انتخاب نہیں ہوجاتا وہ بطور
پارٹی سربراہ اور وزیر اعظم اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
میڈیا
سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں پارٹی کے اندرونی اختلافات
کا سامنا ہو تو وہ اگلے الیکشن میں بہترین انتخاب نہیں ہوسکتے۔
53 سالہ جسٹن ٹروڈو نے 2015 میں کینیڈا کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا تھا اور وہ اس کے بعد بھی مسلسل 2 انتخابات جیت چکے ہیں۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔