اسکولوں میں بچوں کو کھانا فراہم کرنے کی تیاری مکمل

اسکولوں میں بچوں کو کھانا فراہم کرنے کی تیاری مکمل

سرکاری اسکولوں میں بچوں کو کھانا فراہم کرنے کے پروگرام کی تیاری مکمل کرلی گئی، میلز پروگرام کا آغاز 5 اگست سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں جلد بچوں کوکھانا فراہم کیا جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں پرائم منسٹر اسکول میلز پروگرام کا آغاز 5 اگست سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کے 200 سرکاری پرائمری اسکولوں کے 57 ہزار طلبا اس پروگرام سے مستفید ہونگے، پروگرام کے تحت طلبا کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائےگا۔

- Advertisement -

باڈی ماس انڈیکس کے ذریعے بہترصحت اور غذائیت کو فروغ دیا جائے گا، پروگرام کا مقصد اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانا اور حاضری بہتر بنانا ہے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بھی سرکاری پرائمری اسکولز میں ’’اسکول کھانا پروگرام‘‘ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کے اجلاس میں کیا گیا، صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے پرائمری اسکولز میں مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر ایبٹ آباد، سوات میں بطور پائلٹ پراجیکٹ پروگرام کا آغاز کیا جائےگا اور بعد میں پروگرام کو صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی شروع کیا جائے گا۔

پروگرام کے تحت کم و بیش 70 ہزار بچوں کو روزانہ معیاری کھانا فراہمی کرنے کی تجویز ہے، پروگرام پر سالانہ 50 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

پروگرام پر پیشرفت کیلئے محکمہ تعلیم اور سماجی بہبود کےحکام پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمیٹی اس سلسلے میں تمام جزئیات کو حتمی شکل دے کر منظوری کیلئے کابینہ کو پیش کرے گی۔