گوگل پاکستان میں 50 لاکھ کروم بکس تیارکریگا، وزیراعظم نے خدمات کو لائق تحسین قرار دیدیا

گوگل پاکستان میں 50 لاکھ کروم بکس تیارکریگا، وزیراعظم نے خدمات کو لائق تحسین قرار دیدیا

اسلام آباد: گوگل نے پاکستان میں 50 لاکھ کروم بکس تیار کرنے کے اقدام کا آغاز کر دیا، وزیراعظم شہباز شریف کو پہلی کروم بک پیش کی گئی۔

اے گوگل فار پاکستان محفوظ رہو آگے بڑھو کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج شاندار تقریب ہے جس میں گوگل کی پاکستانی میں خدمات لائق تحسین ہیں، وفاق اور صوبائی حکومتوں کو نوجوانوں کیلئے بہترین وسائل فراہم کرنا ہونگے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ناکامیوں کے بعد کامیابی حاصل کرنا ہی زندگی ہے، نئے سیکریٹری آئی ٹی کی تقرری کا عمل شفاف طریقے سے ہوا۔

انھوں نے کہا کہ گوگل کی خدمات کو بڑھانے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، آئندہ 5 سال میں آئی ٹی برآمدات کا 25 ارب ڈالرز کا ہدف حاصل کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہا آئی ٹی ماہرین ہدف کے حصول کیلئے اپنی تجاویز دیں، گورننس کو پیپرلیس بنانے اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق تجاویز دی جائیں، ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن کا خاتمہ، محصولات میں اضافہ اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکے فروغ کیلئے تجاویز دی جائیں، فری لانسرز کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے ہیں، مجھے پلان دیں تاکہ مل بیٹھ کرآگے بڑھنے کی حکمت عملی طے کریں۔

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی خدمات لائق تحسین ہیں، گوگل وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن میں اہم کردار ادا کررہاہے۔

سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کے لیے گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ دینے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بھی اس تقریب میں موجود تھے، اس موقع پر گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیا پیسفک فرحان ایس قریشی نے وزیراعظم کو مقامی طور پر تیار کردہ پہلی کروم بک پیش کی۔

تقریب میں ایکسیس پارٹنرشپ (Access Partnership) نے ”آگے بڑھو: پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو بااختیار بنانا“ کے عنوان سے ایک نئی رپورٹ بھی پیش کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ معاشی چیلنجوں کے باوجود پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی صنعت معاشی بحالی اور ترقی کے انجن کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔

پاکستان کی آئی ٹی خدمات کی برآمدات میں سن 2014 کے بعد سے 2.7 گنا اضافہ ہوا ہے، جو سن 2023 میں سروس سیکٹر کی کل برآمدات کے 35 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

مصنوعی ذہانت کی مددسے کام کرنے والی گوگل کی مصنوعات اور خدمات نے 2023 میں پاکستانی کاروباری اداروں اور گھرانوں کو 3.9 کھرب روپے کے معاشی فوائد فراہم کرنے میں مدد کی، 2030 تک پاکستان کی سالانہ ڈیجیٹل برآمدات کی قدر میں 1.8 کھرب روپے کا اضافہ ہو سکتا ہے۔