کراچی میں منکی پوکس وائرس کا پہلا کیس رپورٹ،محکمہ صحت سندھ

کراچی میں منکی پوکس وائرس کا پہلا کیس رپورٹ،محکمہ صحت سندھ

محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ روز مسقط سے کراچی آنے والے مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا تھا کہ علامات ظاہر ہونے کے سبب مسافر کو فوری قرنطینہ کرکے خون کے نمونے لیب ٹیسٹ کے لئے بھیج دیئے تھے، تاہم اب اس مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

ان کے مطابق گزشتہ 5 روز سے متاثرہ مسافر کے چہرے، پیٹھ اور نچلے دھڑ پر سرخی مائل دھبے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق مسافر کو گزشتہ ایک ہفتے سے بخار بھی ہے، تاہم اسے فوری طور قرنطینہ کردیا گیا۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریض مسقط میں ڈرائیور تھا، اس کی عمر 36 سال ہے۔

صوبائی محکمہ صحت متاثرہ مریض کے ساتھ پرواز میں موجود تمام مسافروں سے رابطہ کرکے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات لے رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی مسافر نے کھانسی، نزلہ، بخار کی شکایت کی تو اس کے خون کے نمونے بھی لیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جدہ سے آنے والے 3 مسافروں کے خون کے نمونے بھی لیے گئے تھے۔ ان تینوں مسافروں کا منکی پاکس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔