پیٹرولیم ڈیلرز کا ملک بھر میں پمپس بند کرنے کا اعلان

پیٹرولیم ڈیلرز کا ملک بھر میں پمپس بند کرنے کا اعلان

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 5 جولائی کو ملک بھر میں پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا کہ 5 جولائی کو ملک بھر میں پمپ بند کرکے ہڑتال کریں گے، مجبور ہیں پہلے ہی بہت سے ٹیکسز ادا کررہے ہیں، دنیا میں کوئی ایسا طریقہ نہیں کہ نقصان میں پمپ چلائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ایڈوانس ٹیکس کا فیصلہ واپس لے، بجٹ میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹیکس ٹرن اوور ٹیکس لگایا گیا ہے یہ ٹیکس پیٹرول پمپ کے کاروبار کو تباہ کردے گا۔

عبدالسمیع خان نے کہا کہ پہلے ہی کم سے کم منافع کے ساتھ پیٹرول پمپس چلا رہے ہیں، مہنگائی کی بلند ترین شرح میں کاروبار کو چلانا پہلے ہی مشکل ہے، غیرمنصفانہ ٹیکس کی وجہ سے کاروبار بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ سے ملاقات کی، ان کے پاس ہمارے سوالوں کا جواب نہیں، ایڈوانس انکم ٹیکس چار دن میں ختم کیا جائے، واضح طور پر بتایا ہے کہ سخت سے سخت قدم اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔