وزیر اعلیٰ پنجاب سے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں میسر سہولیات کا نوٹس لینے کا مطالبہ

وزیر اعلیٰ پنجاب سے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں میسر سہولیات کا نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو میسر سہولیات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

نیئر بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل سے ہٹ کر اضافی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں، کیا کسی قیدی کو ایکسرسائز مشین اور واک کیلیے گیلری فراہم کی جاتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ جو بانی پی ٹی آئی کو سہولیات دی جا رہی ہیں کیا وہ جیل مینوئل کے مطابق ہیں؟ اڈیالہ جیل وزارت داخلہ کے ماتحت ہے لہٰذا وزیر اعلیٰ  پنجاب مریم نواز معاملے کا نوٹس لیں۔

سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی نے کہا کہ مریم نواز کو سہولت فراہمی سے متعلق وزارت داخلہ سے پوچھنا چاہیے، جیل مینوئل کے مطابق بی کلاس میں یہ سہولت تو نہیں ہوتی، سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

گزشتہ روز وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو جیل میں میسر سہولیات کی دستاویزات اور تصاویر عدالت میں جمع کروائی تھیں۔

دستاویزات کے مطابق سابق وزیر اعظم کو جیل میں کتابیں، ائیر کولر، ٹی وی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔