وزیراعظم شہباز شریف نے سولر پینل لگانے والوں کو بڑی خوشخبری سنادی

وزیراعظم شہباز شریف نے سولر پینل لگانے والوں کو بڑی خوشخبری سنادی

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے سولر پینل لگانے والوں کو نئی ڈیوٹی کے حوالے سے بڑی خوشخبری سنادی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کااعلامیہ جاری کردیا گیا ، جس میں شہباز شریف نے بتایا کہ سولر پینلز پر کسی قسم کی نئی ڈیوٹی نہیں لگائی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی قابل تجدیدشمسی توانائی تک رسائی یقینی بنائی جائے گی، کم لاگت قابل تجدیدشمسی توانائی ہر شہری تک پہنچائیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ معیشت کومثبت سمت پرگامزن کرنے کیلئےبھرپورمنصوبہ بندی کررہےہیں، اللہ کے فضل سے ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کو ترقی دے کر برآمدات میں اضافہ کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اشرافیہ اور ملکی وسائل کا استحصال کرنے والوں کی مراعات کو ختم کیا جائے گا، عام آدمی کے معاشی تحفظ اوریکساں ترقی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی کابینہ میں قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ 23-2022 پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دے دی گئی۔

اس کے ساتھ ہی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے13 جون کےاجلاس میں کیے گئے فیصلوں ، کابینہ کمیٹی برائےلیجسلیٹوکیسزکے11جون کے اجلاس کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائےسرکاری ملکیتی ادارےکے 20 جون کےاجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔