
نیتن یاہو کھلےعام درندگی کررہا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کھلے عام درندگی کررہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فلسطین کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں راکٹ حملے کے ذریعے اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا گیا، پاکستان، ترکی اور دیگر ممالک نے ان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی، ایسی درندگی پر دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
اسماعیل ہنیہ کے بچے اور پوتوں کو بھی شہید کیا گیا، ایسی سفاکی کسی نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں 9 ماہ سے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، شہروں کے شہر اور گھر زمیں بوس کردیے گئے، ہر روز غزہ میں لاشیں گرائی جارہی ہیں، تاریخ میں اس طرح کے واقعات کسی نے نہیں دیکھے۔
یہ پڑھیں: اسماعیل ہنیہ تک پہنچنے کے لیے اسرائیل نے کون سے سافٹ وئیر کا استعمال کیا؟
شہباز شریف نے کہا کہ تہران میں ہونے والے واقعے کی پوری دنیا نے مذمت کی، بین الاقوامی قوانین کو پاؤں تلے روندا گیا، کسی چیز کا لحاظ نہیں کیا گیا، عالمی قراداد کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی قوانین کے فیصلے کے باوجود بھی اسرائیل کے ہاتھ روکے نہیں جاسکے، یہ انسانیت سوز واقعہ ترقی یافتہ ممالک کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔
واضح رہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیل نے میزائل حملے میں شہید کیا گیا، وہ ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے موجود تھے۔
اسماعیل ہنیہ کی نمازہ جنازہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پڑھائی جس میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔