مولانا فضل الرحمان کا چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو خط
اسلام آباد: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو خط لکھ دیا۔
ترجمان جے یو آئی (ف) کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے چیف جسٹس کے نام خط میں مبارک ثانی کیس کا تفصیلی فیصلہ جلدی جاری کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے لکھا کہ جلد تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے تاکہ مسلمانان پاکستان پوری طرح مطمئن ہو جائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خط میں مالیاتی نظام میں سود کے خلاف اپیلیں جلد نمٹانے کی استدعا بھی کی۔
انہوں نے لکھا کہ وفاقی شرعی عدالت نے مالیاتی نظام کو 5 سال میں سود سے
پاک کرنے کا حکم دیا لیکن فیصلے کے خلاف مختلف بینکوں کی اپیلیں دائر ہیں،
اپیلیں جلد نمٹائی جائیں تاکہ حکومت سود سے پاک مالیاتی ڈھانچے کیلیے
اقدامات کرے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے مبارک ثانی کیس میں وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 6 فروری اور 24 جولائی کے فیصلوں سے متنازع پیراگراف حذف کر دیے تھے، تاہم اب تک اس کا تحریری فیصلہ جاری نہیں کیا گیا۔
کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج آپ سب شکایات کا ازالہ کر رہے ہیں، مبارک ثانی کو آپ ضمانت کا مستحق سمجھتے ہیں تو الگ بات ہے، توہین آمیز اقدامات پر دفعات ساری لگیں گی، قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے والی کمیٹی کا فیصلہ پارلیمان نے ویب سائٹ پر نہیں ڈالا۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معاملہ آپ پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔
سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ مبارک
ثانی کا ٹرائل جاری رہنا چاہیے، اسلامی نظریاتی کونسل کی آرا کو مدنظر رکھا
جائے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ آپ نے نظرثانی کی درخواست
دی ہم نے فوری لگا دی کوئی بات چھپائی؟
ایک جائزہ چھوڑیں۔