انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی۔
پاکستانی بلے باز بابر اعظم کی رینکنگ میں 6 درجے تنزلی ہوئی ہے، وہ تیسرے سے نویں نمبر پر چلے گئے۔
اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی سات درجے رینکنگ میں
بہتری ہوئی ہے، رضوان اور آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ کے یکساں پوائنٹس
ہیں اور یہ دونوں دسویں اور گیارہویں نمبرپر موجود ہیں۔
پاکستانی بیٹر سعود شکیل 14 ویں سے 13 ویں نمبر آگئے ہیں۔
بیٹرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، جب کہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، نیوزی لینڈ کے ہی ڈیرل مچل تیسرے نمبر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے بیٹر ہیری بروک تین درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا۔
ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب کے موقع پر صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے قومی ایتھلیٹ کو ایک ملین روپے کا چیک پیش کیا جبکہ عہدیداران کی طرف سے مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا۔
تقریب میں احسن بختاوری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، وہ نوجوانوں کو کھیلوں کے حوالے سے تربیت دیں تو نوجوان بہت آگے جائیں گے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ قومی ہیرو کی جیت سے ملک اور نوجوانوں میں مایوسی کا خاتمہ ہوا، اگلے اولمپکس میں دعا ہے کہ پاکستان ایک سے زیادہ گولڈ میڈل جیتے۔
اس موقع پر ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پاک فوج نوجوان کھلاڑیوں کو سب سے پہلے نوکری دیتی ہے، واپڈا بھی نوجوان کھلاڑیوں کو روزگار دینے میں پیش پیش ہے۔
انہون نے کہا کہ نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع ملیں تو قوم بہت ترقی کر سکتی ہے، کھلاڑیوں کو بہتر سہولتوں اور میڈیکل سپورٹ ملنی چاہیے۔
ارشد ندیم کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے انعامات کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کیلیے 15 کروڑ روپے انعام اور ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام کا اعلان کر رکھا ہے۔
شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے، جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت کیلیے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام، قومی ایتلھیٹ کی اعلیٰ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے اور ساتھ ہی ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کیلیے ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ارشد ندیم اور اہل خانہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ ارشد ندیم نے یوم آزادی کے موقع پر خوشیوں کو دوبالا کر دیا، آج ہر پاکستانی کا دل باغ باغ ہے اور مورال آسمانوں کو چھو رہا ہے، ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ ارشد ندیم کی جدوجہد اور جیت ہم سب کیلیے روشن مثال ہے، ان کی جیت سے ہمیں اور پوری قوم کو حوصلہ ملا ہے، ہمالیہ نما چیلنجز کو شبانہ روز محنت کر کے اتحاد و اتفاق سے ختم کریں گے، پاکستان کو مل کر ایک عظیم طاقت بنائیں گے۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بن گئے اور قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
پاکستان نے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت لیا، 40 سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان اولمپکس میں گولڈمیڈل جیتے میں کامیاب ہوا۔ ارشد نے پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کرتے ہوئے جیولین تھرو میں اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے سب سے بڑی تھرو کرنے کا اعزاز حاصل کیا، انھوں نے اپنی دوسری باری میں سب کو حیران کرتے ہوئے 92 اعشاریہ 97 میٹر کی شاندار تھرو کی اور اولمپکس کا نیا رکارڈ بنادیا۔
ٹاپ 8 میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسری تھرو بھی ضائع کی، ارشد ندیم نے ٹاپ 8 کی دوسری باری میں 87 اعشاریہ 84 میٹر کی تھروکی۔
تیسری باری میں ارشد ندیم نے ایک اور شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے تیسری باری میں 91.7 میٹر کی تھرو کی جبکہ کوئی اور ایتھلیٹ 90 میٹرز کراس نہیں کرسکا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو فائنل میں ارشد کی 92.97 تھر اب تک کی سب سے لمبی تھرو شمار ہوئی ہے اور ارشد ندیم نے پچھلے ریکارڈ توڑ دیے۔
اس سے قبل عالمی نمبرون جیکب ویلڈیچ کی جانب سے پہلی تھرو کی گئی، اینڈریسن پیٹرز کی جانب سے دوسرے نمبر پر تھرو کی گئی جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم اپنی پہلی باری میں تھرونہیں کرسکے تھے۔
بھارت کے نیرج چوپڑا بھی پہلی تھرونہ کرپائے تھے، گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز 84 اعشاریہ 70 میٹر کی تھروکرنے میں کامیاب رہے جبکہ فن لینڈ کے اولیور نے 81 اعشاریہ 24 میٹر لمبی تھرو کی۔
برازیل کے لوئز سلوا 80 اعشاریہ 67 میٹر کی تھرو پھینکنے میں کامیاب ہوئے، اس کے علاوہ کینیا کے جولیس ییگو نے 80 اعشاریہ 29 میٹر کی تھرو کی۔
میاں چنوں: اولمپکس میں میڈل جیتنے کی واحد امید ایتھلیٹ ارشد ندیم کے گھر پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور کامیابی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل ارشد ندیم نے اپنی والدہ کے ساتھ ویڈیو کال پر گفتگو بھی کی، والدہ نے ارشد ندیم کو کامیابی کیلئے ڈھیروں دعائیں دیں، ارشد ندیم نے اپنی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعا کریں ان شااللہ جیت کرواپس آؤں گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نےبھی پیرس اولمپکس میں شریک ملک کے جیولن اسٹار ارشد ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
بابر اعظم نے اپنے ویڈیو پیغام میں ارشد ندیم کو فائنل مرحلے میں پہنچنے پر مبارکباد پیش کی اور عوام سے درخواست کی کہ وہ ارشد ندیم کی کامیابی اور گولڈ میڈل کے لیے خوب دعائیں کریں۔
پیرس اولپمکس مقابلوں میں جیولن تھرو ایونٹ میں شریک پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 25 منٹ پر جیولن تھرو کے فائنل میں 11 دیگر ایتھلیٹس سے مقابلہ کریں گے۔
گزشتہ روز جیولن تھرو کے مقابلوں میں ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی، ملک میں ہر کوئی فائنل میں ان کی جیت کے لیے دعاگو ہے۔
دوسری جانب ارشد ندیم کے حوصلے بھی بلند ہیں ان کا کہنا ہے کہ میں اولمپک گیمز میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنا چاہتا ہوں، میں فائنل میں اچھا نتیجہ دینے کے لیے پر امید ہوں۔
سری لنکا نے بھارت کو تیسرے ون ڈے میچ میں 110 رنز سے شکست دے کر 27 سال بعد سیریز جیت لی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 249 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 26.1 اوور میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کپتان روہت شرما 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، شبھمن گل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ویرات کوہلی بھی 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
رشبھ پنت کو تھکشانا نے نشانہ بنایا، شیریاس ایئر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اکشر پٹیل کو 2 رنز پر ویلا لاگے نے بولڈ کیا، ریان پراگ 15 رنز بنا سکے۔
شیوم دوبے 8 رنز بنا کر چلتے بنے، واشنگٹن سندر نے مزاحمت کی لیکن وہ بھی 30 رنز پر پویلین لوٹ گئے، کلدیپ یادیو کو بھی ویلا لاگے نے آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے ڈونیتھ ویلا لاگے نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جیعفری وینڈرسے اور مہیش تھکشانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے تھے، اویشکا فرننڈو نے 96 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی ان کی اننگ میں 9 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کوشال مینڈس 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ نسانکا نے 45 رنز بنائے تھے۔
بھارت کی جانب سے ریان پراگ نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں، محمد سراج اور اکشر پٹیل ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے تھے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 25-2024 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کرانے اور ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان کیا۔
پروگرام اسپورٹس روم میں میزبان نجیب الحسنین نے سوال کیا کہ ’تین نئے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس سے فائدہ ہوگیا یا نام بدل کر پرانی چیزیں ہیں؟
شاہد ہاشمی نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں بہترین کھلاڑی شرکت کریں گے جس کا فائدہ ہونا چاہیے، اس پر عملدرآمد کرنا پی سی بی کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقار یونس، ندیم خان، جنید ضیا کو چاہیے کہ ان ٹورنامنٹس پر عملدرامد کریں تاکہ اچھے رزلٹ سامنے آئیں اور نیا ٹیلنٹ بھی مل سکے۔
اسپورٹس تجزیہ کار نے کہا کہ اس سے قبل پی سی بی نے جب بھی ڈومیسٹک ایونٹس کی بات کی ہے تو کہا جاتا ہے کہ ہم ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے فرق کو کم کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے انٹرنیشنل میچز کی تعداد کافی زیادہ ہے اور دو لیگ بھی کھیلنے جائیں گے، وقار یونس سمیت دیگر لوگوں کو اس چیز کو دیکھنا ہوگا کہ کھلاڑیوں کی کس طرح ڈومیسٹک کرکٹر میں دستیابی یقینی بنائی جائے۔
سرجری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ دو تین کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا لیکن اس کی پی سی بی کی جانب سے تردید کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک بابر اعظم یا گیری کرسٹن سے یہ نہیں سنا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں کیا ہوا؟ وہ کچھ تو بتاتے تھے پاکستان کیوں ورلڈ کپ میں دو جیتے ہوئے میچز ہار گیا۔
وقار یونس نے تمام تر اختیارات کے ساتھ پی سی بی میں ہاٹ سیٹ سنبھال لی ہے لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا تقرر ہیڈ کوچ کا اختیار ہے اور وقار یونس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
کوچ اپنی سفارشات چیئرمین محسن نقوی کو دیں گے اور چیئرمین کپتان کانام فائنل کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کنسلٹنٹ وقار یونس کے پاس پاکستان کی تمام کرکٹ چلانے کا مینڈیٹ ہے لیکن کپتان کی تقرری سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹین اور ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی کپتان کے حوالے سے
فیصلہ کریں گے اور اپنی سفارشات چیئرمین کو دیں گے۔
ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کے باوجود بابر اعظم کے مستقبل کا فیصلہ مزید تاخیر کا شکار ہے اور سرجری کا دعویٰ ،دعویٰ ہی رہ گیا۔
نومبر میں پاکستانی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلنے آسٹریلیا جائے گی، اس لیے اکتوبر میں وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان کا فیصلہ ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کچھ کھلاڑیوں کے بارے میں ٹیم انتظامیہ نے منفی رپورٹس دی ہیں، ان کھلاڑیوں کے خلاف انضباطی کارروائی بھی بورڈ کے لیے چیلنج ہے۔
بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں ان کھلاڑیوں کو موقع دیا جاتا ہے یا نہیں اس بارے میں اگلے ہفتے تک صورتحال واضع ہوجائے گی۔
بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو ان کے مداح نے چوکلی کہہ دیا، بیٹر یہ سن کر حیران نظرآئے، واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔
اسٹار بلے باز ویرات کوہلی سری لنکا میں اپنے ٹیم میٹس کے ساتھ پریکٹس کررہے تھے، اس دوران ایک شخص نے انھیں ’چوکلی‘ کہہ ڈالا، اس اچانک افتاد پر کوہلی پریشان اور شرمندہ سے نظر آئے کیونکہ اس وقت وہ بھارتی پلیئرز کے ساتھ پریکٹس کررہے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوہلی بیٹنگ پریکٹس کررہے تھے کہ ایک مداح نے انھیں ’چوکلی، چوکلی‘ کے نعرے لگائے، جس نے فوری طور پر کوہلی کی توجہ مبذول کروالی۔
ویرات کوہلی کے ردعمل اور انکی آنکھوں سے صاف اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کوہلی اس بات سے قطعی خوش نہیں ہیں، تاہم میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ویڈو فیک ہے اور اس میں آواز بعد میں ڈب کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ’چوکلی‘ کی یہ اصطلاح ویرات کے دوسرے نام کوہلی اور ’چوکنگ‘ کا مرکب ہے جسے جوڑ کر بعض مداحوں نے ’چوکلی‘ بنا دیا ہے، کوہلی اگر رنز اسکور نہ کریں یا خراب پرفارمنس دیں تو انھیں اسی نام سے پکارا جاتا ہے۔
یہ اصطلاح پہلی بار 2019 کے ورلڈ کپ میں بھارت کے باہر ہونے کے بعد سامنے آئی تھی، یہاں کوہلی آئی سی سی کے ناک آؤٹ میچ میں 1 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔
کوہلی سری لنکا سے ون ڈے سیریز کے لیے پیر کی صبح سری لنکا پہنچے ہیں، تاہم بھارت کا پہلا پریکٹس سیشن کولمبو میں بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔