فائنل سے قبل ارشد ندیم کے گھر پر قرآن خوانی، کامیابی کیلئے دعائیں

فائنل سے قبل ارشد ندیم کے گھر پر قرآن خوانی، کامیابی کیلئے دعائیں

میاں چنوں: اولمپکس میں میڈل جیتنے کی واحد امید ایتھلیٹ ارشد ندیم کے گھر پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور کامیابی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

میچ شروع ہونے سے قبل ارشد ندیم نے اپنی والدہ کے ساتھ ویڈیو کال پر گفتگو بھی کی، والدہ نے ارشد ندیم کو کامیابی کیلئے ڈھیروں دعائیں دیں، ارشد ندیم نے اپنی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعا کریں ان شااللہ جیت کرواپس آؤں گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نےبھی پیرس اولمپکس میں شریک ملک کے جیولن اسٹار ارشد ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بابر اعظم نے اپنے ویڈیو پیغام میں ارشد ندیم کو فائنل مرحلے میں پہنچنے پر مبارکباد پیش کی اور عوام سے درخواست کی کہ وہ ارشد ندیم کی کامیابی اور گولڈ میڈل کے لیے خوب دعائیں کریں۔

پیرس اولپمکس مقابلوں میں جیولن تھرو ایونٹ میں شریک پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 25 منٹ پر جیولن تھرو کے فائنل میں 11 دیگر ایتھلیٹس سے مقابلہ کریں گے۔

گزشتہ روز جیولن تھرو کے مقابلوں میں ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی، ملک میں ہر کوئی فائنل میں ان کی جیت کے لیے دعاگو ہے۔

دوسری جانب ارشد ندیم کے حوصلے بھی بلند ہیں ان کا کہنا ہے کہ میں اولمپک گیمز میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنا چاہتا ہوں، میں فائنل میں اچھا نتیجہ دینے کے لیے پر امید ہوں۔