عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ورلڈ کپ کے بعد پہلی سیریز میں شکست

عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ورلڈ کپ کے بعد پہلی سیریز میں شکست

بھارت نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز چار ایک سے جیت لی ہے یہ ورلڈ کپ کے فوری بعد عالمی چیمپئن کی پہلی سیریز تھی۔

بھارت نے بنگلورو میں کھیلے گئے پانچویں ٹی 20 میچ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو 6 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز چار ایک سے اپنے نام کر لی۔ ورلڈ کپ جیتنے کے فوری بعد یہ آسٹریلیا کی پہلی سیریز میں شکست ہے۔

میزبان بلیو شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ شریاس ائیر 53 رنز بنا کر ٹاپ
اسکورر رہے جب کہ اکشر پٹیل 31، جتیش شرما 24 اور جیسوال نے 21 رنز کی اننگز کھیلیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے بین دروشوئس اور جیسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کینگروز نے 161 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلا نقصان 22 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر جوش فلپ صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 47 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر ٹریوس ہیڈ بھی 28 رنز بنانے کے بعد روی بشنوئی کو وکٹ دے بیٹھے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے بین میکڈرموٹ 54 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کپتان میتھیو ویڈ نے 22 رنز بنائے۔ پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز ہی بنا سکی۔

بھارت کے اکشر پٹیل کو پلیئر آف دی میچ جب کہ روی بشنوئی کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو ورلڈ کپ سے قبل بھارت سے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی دو ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔