شیر افضل مروت، زین قریشی و دیگر رہنماؤں کا جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنماؤں کو تھانہ نون اور سنگجانی میں درج مقدمات میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کے روبرو پیش کیا گیا۔ تھانہ نون میں درج مقدمے میں نے شعیب شاہین، محمد عمر، انور گل، رب نواز خان، محمد ریاض، محمد سمیر، فرید خان و دیگر ملزمان کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
دوران سماعت ملزمان کے وکلا کی جانب سے ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے شعیب شاہین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا جبکہ دیگر ملزمان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔
اے ٹی سی کے جاری حکم نامے کے مطابق جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ملزمان کو 18 ستمبر کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔
پولیس نے تھانہ سنگجانی میں درج 3 الگ الگ مقدمات میں شعیب شاہین، شیر افضل مروت، شیخ وقاص اکرم، زین قریشی، محمد احمد چٹھا، عامر ڈوگر، یوسف خان، نسیم علی شاہ، اویس حیدر، شاہ احد اور دیگر کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا۔
تینوں مقدمات میں ملزمان کے زیادہ سے زیادہ 17 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم اے ٹی سی نے ملزمان کا 8، 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کیا۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔