سعودی عرب: عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

سعودی عرب: عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

سعودی عرب میں وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے حج انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے مسجد الحرام کے اطراف ٹاورز سے ایئرایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔

وزیر صحت اور اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد الجلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزارت کی جانب سے اُٹھایا جانے والا یہ اقدام حج 2024 کے دوران عازمین کی سیفٹی، ان کی جان بچانے اور صحت خدمات کے حوالے سے مملکت کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

حج کے دوران چلائے جانے والے یہ سروس ایک مربوط صحت نظام کا حصہ ہے جو ہنگامی کال موصول ہونے اور سروس فراہم کرنے سے شروع ہوکر مریض کے خصوصی صحت مرکز تک منتقل کرنے پر ختم ہوتی ہے۔

ایئرایمبولینس سروس مختلف مقامات پر مریضوں تک تیزی سے پہنچنے، ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی، اور مریضوں کو مختصر وقت میں صحت مراکز تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے رواں سال حج کے دوران تمام زخمیوں اور مریضوں تک پہنچنے کیلیے مسجد الحرام اور حج مقامات کے قریبی علاقے میں سات ہیلی کاپٹر فراہم کردیئے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اطراف کے علاقے میں سروس کا آغاز کیا گیا ہے جسے عازمین حج تک پہنچنے کے لیے ایک اسٹریٹجک مقام سمجھا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں پرمٹ کے بغیر کسی کوداخل ہونے کی اجازت نہیں جبکہ مکہ مکرمہ جانے والوں کے پرمٹ کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

مکہ مکرمہ میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد

انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر کے مرکزی مقامات کے علاوہ منی جانے والے راستوں پر متعدد چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں