جسپریت بمراہ آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قرار

جسپریت بمراہ آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قرار

فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بھارتی کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جون کے مہینے کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ لے اڑے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے جسپریت بمراہ کو ان کی کارکردگی کا صلہ مل گیا جبکہ بھارتی ویمن کرکٹر سمرتی مندھانا کو جون کے مہینے میں ان کی شاندار پرفارمنس کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

بمراہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں اپنی شاندار بولنگ کے بعد جون کے مہینے کے لیے بہترین مرد کرکٹر کا ایوارڈ جیتا، اس سے قبل انھیں عالمی ایونٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔

انڈین ویمنز کرکٹر سمرتی مندھانا نے ہوم سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ میں شاندار پرفارمنس دکھائی تھی اور کافی رنز اسکور کیے تھے جس کی بنا پر انھیں بہترین خواتین کرکٹر کے طور پر چنا گیا۔

بمراہ نے بھارتی کپتان روہت شرما اور افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز کو شکست دے کر یہ ایوارڈ جیتا ہے۔

بھارتی فاسٹ بولر نے امریکہااور کیریبین میں ہونے والے ورلڈکپ میں بھاتی ٹیم کی جیت میں نہایت اہم کردار ادا کیا تھا، انھوں نے 8.26 کی اوسط سے 15 وکٹیں لی تھیں جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 4.17 تھا۔

بمراہ نے آئی سی سی کے لیے جاری بیان میں کہا کہ ’مجھے جون کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی متھ نامزد ہونے پر خوشی ہے، امریکا اور ویسٹ انڈیز میں یادگار چند ہفتوں کے بعد یہ میرے لیے ایک خاص اعزاز ہے۔‘