تجارتی خسارے میں بڑا اضافہ

تجارتی خسارے میں بڑا اضافہ

 اپریل میں سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارے میں 180.58 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر اس میں 3.16 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری کر دیے جن کے مطابق اپریل میں تجارتی خسارہ 2 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا جبکہ سالانہ بنیاد پر برآمدات میں 10.02 فیصد اضافہ اور اپریل میں ماہانہ بنیاد پر برآمدات میں 8.67 فیصد کی کمی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اپریل ملکی برآمدات میں 9.10 فیصد اضافہ ہوا، اپریل میں برآمدات 2 ارب 34 کروڑ ڈالرز رہیں، اپریل میں درآمدات کا حجم 4 ارب 72 کروڑ ڈالرز رہا، رواں مالی سال کے 10 ماہ میں برآمدات کا حجم 25 ارب 28 کروڑ ڈالرز رہا۔

اسی مدت میں درآمدات 44 ارب 79 کروڑ ڈالرز رہیں۔ جولائی تا اپریل تجارتی خسارہ 19 ارب 51 کروڑ ڈالرز رہا، رواں مالی سال 10 ماہ میں تجارتی خسارے میں 17.09 فیصد کی کمی ہوئی جبکہ اسی مدت میں درآمدات میں 4.09 فیصد کی کمی رکارڈ کی گئی۔