اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے ارشد ندیم کیلیے بڑا اعلان
اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا۔
ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب کے موقع پر صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے قومی ایتھلیٹ کو ایک ملین روپے کا چیک پیش کیا جبکہ عہدیداران کی طرف سے مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا۔
تقریب میں احسن بختاوری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، وہ نوجوانوں کو کھیلوں کے حوالے سے تربیت دیں تو نوجوان بہت آگے جائیں گے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ قومی ہیرو کی جیت سے ملک اور نوجوانوں میں مایوسی کا خاتمہ ہوا، اگلے اولمپکس میں دعا ہے کہ پاکستان ایک سے زیادہ گولڈ میڈل جیتے۔
اس موقع پر ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پاک فوج نوجوان کھلاڑیوں کو سب سے پہلے نوکری دیتی ہے، واپڈا بھی نوجوان کھلاڑیوں کو روزگار دینے میں پیش پیش ہے۔
انہون نے کہا کہ نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع ملیں تو قوم بہت ترقی کر سکتی ہے، کھلاڑیوں کو بہتر سہولتوں اور میڈیکل سپورٹ ملنی چاہیے۔
ارشد ندیم کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے انعامات کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کیلیے 15 کروڑ روپے انعام اور ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام کا اعلان کر رکھا ہے۔
شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے، جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت کیلیے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام، قومی ایتلھیٹ کی اعلیٰ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے اور ساتھ ہی ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کیلیے ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ارشد ندیم اور اہل خانہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ ارشد ندیم نے یوم آزادی کے موقع پر خوشیوں کو دوبالا کر دیا، آج ہر پاکستانی کا دل باغ باغ ہے اور مورال آسمانوں کو چھو رہا ہے، ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ ارشد ندیم کی جدوجہد اور جیت ہم سب کیلیے روشن مثال ہے، ان کی جیت سے ہمیں اور پوری قوم کو حوصلہ ملا ہے، ہمالیہ نما چیلنجز کو شبانہ روز محنت کر کے اتحاد و اتفاق سے ختم کریں گے، پاکستان کو مل کر ایک عظیم طاقت بنائیں گے۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔