چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کے لیے بلایا جانے والا آئی سی سی کا بورڈ اجلاس 15 منٹ بعد ہی ملتوی کردیا گیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت، آئی سی سی کے ساتھ مل کر ایونٹ کے لیے ایک قابل قبول آپشن تلاش کریں گے۔
بھارتی
ہٹ دھرمی اور پاکستان کے مضبوط مؤقف کے بعد آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے
مستقبل پر بات کرنے کے لیے آج بورڈ اجلاس بلایا تھا جس میں ابتدائی
مشاورت کے بعد طے ہوا کہ پاکستان اور بھارت آئی سی سی کے ساتھ مل کر ایک
ایسا آپشن تلاش کریں گے جو سب کو قبول ہو۔
اس عمل میں دو سے تین دوست بورڈز بھی شامل ہوسکتے ہیں اور اسے 24 سے 48 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔
واضح
رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس پاکستان میں ہونی ہے تاہم
بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد پاکستان نے سخت
ترین مؤقف اپناتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان کو ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں ہوگا
اور بھارت کے نہ آنے کی صورت میں پاکستان بھی آئندہ بھارت نہیں جائے گا۔
جمعے کو مختصر آئی سی سی اجلاس میں اور اس سے قبل آئی سی سی کی لیڈرشپ سے ملاقاتوں میں پاکستان نے یہی مؤقف دہرایا تھا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پر کسی اتفاق پر پہنچے سے قبل پاکستان اور بھارت کے بورڈز اپنی حکومت سے دوبارہ رائے بھی لیں گے۔
آئی
سی سی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جمعے کو بورڈ کا مختصر اجلاس
ہوا اور تمام بورڈز چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے مثبت حل کے لیے مشترکہ کاوش
جاری رکھیں گے اور بورڈ چند دنوں میں دوبارہ میٹنگ کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر ہفتے کو بھی مزید میٹنگز ہوں گی۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔