کاغذات نامزدگی منظور،عمران خان کو این اے108 سے الیکشن لڑنے کی اجازت

کاغذات نامزدگی منظور،عمران خان کو این اے108 سے الیکشن لڑنے کی اجازت

لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کے لئے اہل قرار دیتے ہوئے این اے108 فیصل آباد سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد وحید نے عمران خان کے این اے 108 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی اپیلوں پرکیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران اپیل کنندہ کے وکیل منصور اعوان نے دلائل میں کہا کہ این اے 108 فیصل آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق کو چھپایا ،عمران خان کا حلف نامہ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں تھا۔
دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس شاہد وحید نے کہا سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ بیان حلفی تصدیق شدہ نہ ہوں تو کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کرسکتے۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس این اے 108 فیصل آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے ہیں۔
دوسری جانب این اے 118 ننکانہ صاحب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جس میں الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
ادھر سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے، عمران خان ضمنی انتخابات میں تمام 9 نشستوں پر خود ہی الیکشن لڑیں گے۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں استحکام کے لئے فوری جنرل الیکشن ناگزیر ہو چکے ہیں۔