چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونلز میں تبدیلی کی استدعا مسترد کردی

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونلز میں تبدیلی کی استدعا مسترد کردی

لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے الیکشن ٹریبونلز میں تبدیلی کی استدعا مسترد کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کے معاملے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی گزشتہ روز ملاقات ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات میں الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کی استدعا کی۔


چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی استدعا مسترد کردی اور کہا کہ فی الحال موجودہ الیکشن ٹریبونلز سے کام چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونلز میں تبدیلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔

واضح رہے کہ جون میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو مسترد کردیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس نعیم افغان پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کی تھی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر اور پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔