پی ٹی آئی جلسہ روکنے کی درخواست، عدالت درخواست گزار پر برہم ہوگئی

پی ٹی آئی جلسہ روکنے کی درخواست، عدالت درخواست گزار پر برہم ہوگئی

لاہور میں ہونے والا پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ روکنے کیلئے درخواست پر ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں دلچسپ مکالمہ دیکھنے میں آیا۔

عدالت نے اس درخواست کو بلا جواز قرار دیا جبکہ وکیل پر اظہار ناراضگی بھی کیا، جسٹس علی ضیا باجوہ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے کس قسم کی درخواست دائر کی ہے؟ آپ یہ درخواست کیسے دائر کرسکتے ہیں؟

وکیل نے عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور شہری بنیادی حقوق کی بات کررہا ہوں یہ بغیر اجازت جلسہ نہیں کرسکتے۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا کہ درخواست کو تو ایک لاکھ روپے جرمانہ کے ساتھ خارج ہونا چاہیے، آپ یہ درخواست واپس لیتے ہیں یا اس کا میرٹ پر فیصلہ کریں۔

جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں بینچ نے شہری کی درخواست پرسماعت کی جبکہ عدالت نے واپس لینے کی بنیاد پر درخواست نمٹا دی۔

دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے لاہور جلسے سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایک عرصے کے بعد ہم مینار پاکستان پر جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں پُرامن طریقے سے نکلیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے جلسے میں آئیں۔