پولیس اہلکاروں کا کچے میں آپریشن سے انکار، راستے میں بس سے اتر گئے
لاہور: پنجاب پولیس کے چند اہلکار کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے سے انکار کرتے ہوئے راستے میں بس سے اتر گئے۔
فاروق آباد کانسٹیبلری سے روانہ 25 پولیس اہلکاروں نے راجن پور میں آپریشن سے انکار کیا اور بیچ راستے میں گاڑی سے اترے۔ 4 روز پہلے اہلکاروں کو کچے کیلیے روانہ کیا گیا تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی 4 روز پہلے کچے میں جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلیے پہنچے تھے۔
آپریشن میں حصہ لینے سے انکار کرنے والے اہلکاروں نے ریزرو انچارج کو جواب دیا کہ نقصان کے ذمہ دار ہیں کچے میں نہیں جائیں گے۔
متعلقہ انچارج نے انکار کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی۔
آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں بتایا کہ پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کا متبادل عملہ رحیم یار خان پہنچ چکا ہے، کچے میں آپریشن کیلیے طلب کی گئی نفری میں سے اب کوئی غیر حاضر نہیں ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے دنوں رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم پر حملہ کر کے 11 اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔
ڈاکوؤں نے ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر اُس وقت راکٹوں سے حملہ کیا تھا جب وہ بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ حملے کے وقت گاڑیوں میں 20 کے قریب اہلکار موجود تھے۔
حملے کے بعد ضلع بھر سے پولیس کی نفری اور ریسکیو گاڑیاں کچے کی طرف روانہ کر دی گئیں جبکہ حکام نے ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔