پنجاب کی جیلوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف

پنجاب کی جیلوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف

لاہور: پنجاب کی جیلوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہونے پر صوبائی حکومت نے 2 اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی بنا دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ کون سی جیل میں کرپشن ہوئی۔ جیلوں سے متعلق 2 اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی بنا دی جو رپورٹ پیش کرے گی۔

کمیٹی میں ڈی آئی جی جیل ہیڈکوارٹر سالک جلال اور ڈپٹی سیکرٹری جیل شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ نے بتایا کہ حافظ آباد، سیالکوٹ جیل، خانیوال، ویمن جیل ملتان، لودھراں، بہاولنگر اور نیو سینٹرل جیل بہاولپور میں کرپشن کے ثبوت ملے ہیں۔

دوسری جانب، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ جیل میانوالی کو معطل کر دیا گیا۔ مریم نواز کی ہدایت پر 4 سپرنٹنڈنٹ جیل اور 2 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے نام بلیک لسٹ میں شامل کیے گئے۔

کرپٹ، نااہل اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے جیل افسران کی انکوائری جاری ہے۔ انکوائری رپورٹ ایک ماہ میں مکمل کرنے اور میرٹ پر ایکشن کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے بتایا کہ انکوائری کے دوران متعلقہ افسران کلوز ٹو لائن رہیں گے، محکمے میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے۔