نامعلوم افراد کی فائرنگ، شیخ رشید کے قریبی ساتھی اور پی ٹی آئی عہدیدار قتل

نامعلوم افراد کی فائرنگ، شیخ رشید کے قریبی ساتھی اور پی ٹی آئی عہدیدار قتل

راولپنڈی:  نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی عہدیدار ماجد ستی کو قتل کردیا۔
راولپنڈی کی مصروف ترین سڑک سکستھ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے شیخ رشید کے قریبی ساتھی اور پی ٹی آئی کے رہنما ماجد ستی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تھانہ صادق آباد پولیس کے مطابق ماجد ستی اپنے زیر تعمیر پلازہ سے اپنے دوست کے ہمراہ گاڑی میں باہر نکلے تو تعاقب میں موجود نامعلوم موٹر سائیکل حملہ آور نے گاڑی کے قریب آکر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ماجد کو 3 گولیاں لگیں جن کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گئے جبکہ ان کے ساتھ گاڑی میں موجود قاسم شاہ محفوظ رہے۔
خیال رہے کہ ماجد ستی کا راولپنڈی میں سیاسی اور سماجی شخصیت کے ساتھ شیخ رشید کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتا تھا۔