معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال، محمداورنگزیب اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے منصوبوں میں شفافیت کو کلیدی اہمیت دینے کے ساتھ نفاذ ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی ٹیم کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں، گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی اپنائی جس کے مثبت اثرات معیشت پر نظر آنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی، پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ دیا جانا پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے، مجموعی معاشی بہتر صورت حال کے حوالے سے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک کا سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے، دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں، تمام وزرا، متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ آئی ٹی، زراعت، معدنیات و قیمتی پتھروں اور توانائی میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے سرمایہ کاری سے برآمدات میں اضافہ اور بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔