قومی اسمبلی میں نجکاری کمیشن ترمیمی بل منظور
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 منظور کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر علیم خان نے نجکاری کمیشن ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا، ایکٹ نجکاری کمیشن 2024 کے نام سے موسوم ہوگا جبکہ بل کے تحت نجکاری اپیلٹ ٹریبونل قائم کیا جائے گا۔
اپیلٹ ٹریبونل کو عدالتی اختیارات حاصل ہوں
گے، ٹریبونل کے چیئرمین اور اراکین کی مدت ملازمت تین سال ہوگی اور ارکان
کی عمر 65 سال سے زائد نہیں ہوگی۔
ترمیمی بل کے مطابق عدالت عظمیٰ کا ریٹائرڈ جج ٹریبونل کا چیئرمین ہوگا، حکومت ایک چیئرمین، ایک تکنیکی رکن اور ایک عدالتی رکن پر مشتمل ٹریبونل تشکیل دے گی۔
وفاقی حکومت ٹریبونل کے چیئرمین یا رکن کو نوٹس پر برطرف کرسکے گی، ٹریبونل کے قیام کا مقصد منصفانہ اور شفاف طریقے سے نجکاری کا عمل مکمل کرنا ہے۔
بل کے مطابق ٹریبونل کو تمام معاملات پر فیصلے دینے کا خصوصی اختیار حاصل ہوگا، ٹریبونل کو دیوانی عدالت کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر صرف سپریم کورٹ میں اپیل ہوسکے گی جبکہ ایکٹ میں ترمیم سے نجکاری کے بروقت حل کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔