غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل، شہید صحافیوں کی تعداد 175 ہوگئی
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے اور اس دوران صیہونی فوج کے حملوں میں شہید صحافیوں کی تعداد 175 ہوگئی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے گزشتہ روز شمالی غزہ کے پناہ گزین کیمپ میں 19 سالہ نوجوان صحافی حسن حماد کے گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں وہ شہید ہوگئے۔
حملے سے ایک روز قبل ہی حسن حماد نے بتایا تھا کہ انہیں اسرائیلی فوجی افسر کی جانب سے دھمکی دی گئی ہےکہ وہ غزہ پر ویڈیوز بنانا بند کردیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حسن حماد کی شہادت کے بعد 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 175 ہوگئی ہے جب کہ 42 ہزار سے زائد افراد شہید اور 97 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔
جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر اب تک غزہ کے 20 لاکھ فلسطینی بے گھر ہیں۔
اسرائیل گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں ٹن بم برسانے اور ہزاروں فوجیوں کے ساتھ زمینی کارروائی کرنے کے باوجود غزہ سے حماس کا وجود ختم نہیں کرسکا اور اسے آج بھی غزہ میں مزاحمت کا سامنا ہے۔
غزہ جنگ اب لبنان سے آگے شام، عراق تک پہنچ چکی ہے جب کہ ایرانی حملوں کے بعد ممکنہ اسرائیلی ردعمل کے بعد اس جنگ کے مزید پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔