علی امین گنڈاپور کا وفاقی حکومت کو پیغام
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو پیغام دیتے ہوئے صوبے کو فنڈز کی فراہمی کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں گرینڈ قبائلی جرگہ اختتام پذیر ہوا جس میں ضم اضلاع کے منتخب عوامی نمائندوں اور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور
کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے این ایف سی شیئر کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں
ہوا لہٰذا وفاقی حکومت کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ وعدہ پورا کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ ضم اضلاع کیلیے فنڈز فراہم کیے جائیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پالیسی اور وقت کا واضح تعین ہونا چاہیے، دہشتگردی کے خلاف آپریشن کیلیے عوام کو اعتماد میں لیا جائے کیونکہ عوام کے اعتماد کے بغیر کوئی جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ جلد صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلا کر معاملات طے کروں گا، جرگے کے تمام شرکاء کا متفقہ اور اہم مطالبہ امن و امان کا قیام ہے، ہمارے علاقے کا امن افغانستان میں امن کے ساتھ جڑا ہے، میں نے افغانستان سے بات چیت کی اجازت مانگی لیکن ابھی تک نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت صوبہ ہمیں افغانستان کے ساتھ بات چیت کی اجازت دی جائے، اجازت نہ ملی تو خود قبائلی عمائدین کو لے کر افغانستان سے مذاکرات کروں گا
اپنی گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ صوبے میں نظر آنے والے غیر سرکاری عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، قبائلی عمائدین اپنے علاقوں میں ان عناصر کے خاتمے کیلیے کردار ادا کریں، ان لوگوں سے پوچھا جائے کہ مسئلہ کیا ہے، یہ خونریزی اب بند ہونی چاہیے۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔