شہباز گل کو دمے اور فوبیا کا مرض لاحق، ملاقاتوں پر پابندی عائد
- چوہدری محمد حنیف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف شہبازگل کا پمز ہسپتال اسلام آباد میں طبی معائنہ کر لیا گیا۔ ان کو فی الحال ہسپتال میں رکھنے کے فیصلے کے ساتھ ملاقاتوں پر پابندی بھی لگا دی گئی ہے، ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد ہی انہیں ڈسچارج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، ڈاکٹر خالد مسعود کا کہنا ہے کہ شہبازگل کو دمے اور فوبیا کا مرض لاحق ہے۔اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں داخل شہباز گل کا شوگر اور بلڈ ٹیسٹ ہوچکا ہے، میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعدا د چار سے بڑھا کر چھ کردی گئی ہے۔ ان کی میڈیکل رپورٹ سیشن عدالت میں جمع کروا دی گئی جس کے مطابق شہباز گل کو سانس لینے میں مسئلہ، جسم میں درد ہے جس کے سبب ایکس رے ، خون اور دل کا ٹیسٹ کرانا ضروری قرار دیا گیا ہے ، انہیں مزید طبی معائنے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔ گذشتہ روز پی ٹی آئی رہنما کو ہائی الرٹ سکیورٹی میں اسلام آباد کے پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔ پمز ہسپتال میں میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں دل، پھیپھڑوں کے ماہرین اور میڈیکل آفیسر شامل تھے۔
ڈاکٹرز کے مطابق شہباز گل کو پہلے سے سانس کی تکلیف تھی، پی ٹی آئی رہنما کا کافی وقت سے سانس کی تکلیف کا علاج چل رہا ہے تاہم مکمل چیک اپ کے بعد ان کی صحت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔