سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخاب، پولنگ شروع

سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخاب، پولنگ شروع

سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا۔

قومی اسمبلی میں مولانا عبد الغفور حیدری نے پہلا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی انوشہ رحمٰن، پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لعل اور شہلا رضا نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔

ممبر قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور موسیٰ گیلانی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔

مراد علی شاہ اور عذرا پیچوہو نے ووٹ کاسٹ کر دیا

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں سینیٹ نشستوں پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عذرا پیچوہو نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

سینیٹ کی یہ 6 نشستیں حالیہ الیکشن میں ایم این اے اور ایم پی اے بننے والوں نے چھوڑی ہیں۔

اسلام آباد کی 1، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔

ووٹنگ کا عمل قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں جاری ہے، تینوں ایوان کے ممبران اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، پولنگ سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔

یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں۔

اسلام آباد: الیاس مہربان اور یوسف گیلانی امیدوار

اسلام آباد سے سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف گیلانی امیدوار ہیں۔

سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے جام سیف اللّٰہ خان اور محمد اسلم ابڑو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللّٰہ اور شازیہ سہیل امیدوار ہیں۔

بلوچستان: 3 خالی نشستوں کیلئے 7 امیدوار میدان میں

بلوچستان سے سینیٹ کی 3 خالی نشستوں کے لیے 7 امیدوار میدان میں ہیں۔