خام تیل کی قیمت میں مزید کمی جبکہ گیس بھی سستی ہو گئی

خام تیل کی قیمت میں مزید کمی جبکہ گیس بھی سستی ہو گئی

ویب ڈیسک:بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید کمی جبکہ گیس بھی سستی ہو گئی ۔

 تفصیلات کے مطابق کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 74 ڈالر پر آ گئی اس کے علاوہ گیس کی قیمت میں بھی پانچ فیصد کی نمایاں کمی ہونے سے گیس 2.58 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو کی سطح پر آ گئی ہے۔

 عالمی منڈی میں  خام تیل اور گیس کی قیمت میں کمی ہوئی ہےجس کی وجہ سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے ،ماہرین کے مطابق خام تیل اور گیس کی قیمت عالمی کھپت اور  اوپیک پیداوار کی کٹوتی پر شکوک کے سبب کم ہوئی ہے۔

 گزشتہ روز بھی عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں کمی ہونے کے بعدفی بیرل قیمت 77.12 ڈالرہو گئی تھی،امریکی خام تیل کی قیمت میں 13 سینٹ کمی ہوئی تھی جس کے بعد فی بیرل قیمت 72.19 ڈالر ہو گئی تھی۔

 خیال رہے کہ  چند دن قبل حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان  کیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، پیٹرول کی قیمت 281 روپے 34 پیسے فی لٹر برقرار ہے جبکہ ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے،ہائی سپیڈڈیزل کی نئی قیمت 289 روپے 71 پیسے فی لٹر ہو گئی،لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 52 پیسے فی لٹر کمی کی منظوری دی گئی جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 175 روپے 93 پیسے ہو گئی۔

 وزارت خزانہ کاکہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی لٹر کمی کی منظوری دی گئی ،مٹی کے تیل کی نئی قیمت 201 روپے 16 پیسے فی لٹر ہو گئی،پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے کیا گیا۔