ترکش ائیر لائن کا پائلٹ دوران پرواز انتقال کر گیا، طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی

ترکش ائیر لائن کا پائلٹ دوران پرواز انتقال کر گیا، طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی

ترکش ائیرلائن کا پائلٹ دوران پرواز طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انتقال کرگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ترکش ائیر لائن کے ترجمان نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کو امریکی شہر سیٹل سے استنبول جانے والی ترکش ائیرلائن کی پرواز TK204 کے پائلٹ دوران پرواز طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے اچانک گرگئے تھے۔

 ترجمان نے بتایا کہ 59 سالہ پائلٹ کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے کو پائلٹ اور سیکنڈ پائلٹ نے طیارے کو کنٹرول کیا۔

ترکش ائیرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ کیپٹن کو دوران پرواز دی گئی ابتدائی طبی امداد میں ناکامی کے بعد عملے نے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن لینڈنگ سے قبل ہی پائلٹ دم توڑ گئے۔

 انہوں نے بتایا کہ طیارے کی نیویارک میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی اور  پھر وہاں سے مسافروں کو استنبول لے جانے کا انتظام کیا گیا۔

ائیرلائن کی جانب سے پائلٹ کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پائلٹس کو ہر 12 ماہ بعد طبی معائنہ کرانا پڑتا ہے جبکہ 40 سال سے زائد عمر والے پائلٹس کو ہر 6 ماہ بعد اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تجدید کرنی پڑتی ہے۔