بھیک منگوانے والوں کی اب ضمانت بھی نہیں ہو سکے گی، قانون مزید سخت
لاہور: بھیک منگوانے والوں کی اب ضمانت بھی نہیں ہو سکے گی، اس سلسلے میں قانون کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ نے انسداد گداگری کے پنجاب آرڈیننس 1958 میں اہم ترامیم منظور کر لیں، جس کے بعد اب بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم بن گیا ہے۔
ترامیم کے مطابق ایک شخص سے بھیک منگوانے والے کو 3 سال قید اور ایک سے 3 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔
ایک سے زائد لوگوں سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید کی سزا ہوگی، بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 5 سے 7 سال قید اور 5 سے 7 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔
معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 10 سے 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر مافیا لیڈر کو مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔