بجلی صارفین اگست میں اضافی بوجھ کیلیے ہو جائیں تیار!
کراچی کے بجلی صارفین اگست میں اضافی بوجھ کےلیے ہو جائیں تیار، کےالیکٹرک اگست کے بل میں گزشتہ سال کی 3ماہانہ ایڈجسٹمنٹ بھی وصول کرے گی۔
بھاری بلوں سے پریشان صارفین کو اب گزشتہ سال کی 3 ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ ایک ساتھ برداشت کرنا ہو گا۔ صارفین کو پرانی 3 ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 3.22 روپے فی یونٹ اضافی دینے ہوں گے۔
اس حوالے سے نیپرا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق صارفین اگست 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں 66 پیسے اضافی دیں گے جب کہ نومبر 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں1.77 روپے فی یونٹ اضافی دیں گے اور دسمبر 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں 79 پیسے فی یونٹ اضافی دیں گے۔
کےالیکڑک کیلئے مئی اور جون 2024 کی ایڈجسٹمنٹس کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔ کےالیکٹرک نے مئی کیلئے 2 روپے 53 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگ رکھا ہے جب کہ جون کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 2روپے 92 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا گیا ہے۔
اگست میں صارفین کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 93 پیسے فی یونٹ الگ سے دینے ہوں گے۔ کےالیکٹرک صارفین جنوری تا مارچ 2024 کی ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ بھی برداشت کریں گے۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔