ایبٹ آباد میں چیتے نے شہریوں پر حملہ کردیا

ایبٹ آباد میں چیتے نے شہریوں پر حملہ کردیا

ایبٹ آباد میں چیتے نے حملہ کرکے تین افراد کو شدید زخمی کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایبٹ آباد کے تھانہ بکوٹ کی حدود بیروٹ میں چیتے کے حملے کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چیتے کے حملے سے ایک خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ حملے کے دوران شور شرابے پر لوگ جمع ہوئے اور چیتے پر پتھراؤ کیا جس کے باعث چیتا زخمی ہوگیا جسے مقامی افراد نے باندھ دیا۔

بعدازاں پولیس اور وائلڈ لائف کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی ایبٹ آباد میں 6 چیتوں کو مارا گیا تھا، چیتے کی نایاب نسل اب گلیات میں ناپید ہوگئی ہے۔

 یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایبٹ آباد کے علاقے ایوبیہ میں چیتے کے حملے سے بزرگ شہری زخمی ہوگیا تھا۔

سرکل بکوٹ  کے علاقے یو سی پلک کے گاوں ملکوٹ میں چیتے نے دن کے وقت بزرگ  شخص پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 55 سالہ رحیم داد شدید زخمی ہوگئے تھے تاہم موقع پر ہی موجود مقامی نوجوان نے بزرگ کی جان بچائی اور اسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر سول اسپتال مری منتقل کردیا تھا۔

ایوبیہ ہی کے مقامی نوجوان نے بزرگ شہری کو بچانے کے بعد دیگر مقامی دوستوں کی مدد سے چیتے کو مار دیا تھا۔