انڈر19 ورلڈ کپ : پاکستان نے آئرلینڈ کو 3  وکٹوں سے ہرا دیا

انڈر19 ورلڈ کپ : پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا

 جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلہ کے  میچ میں پاکستان انڈر19 نے آئرلینڈ انڈر 19  کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔  

آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کر کے 181 رنز بنائے۔ ابتدا میں پاکستان کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے حریف ٹیم کی6  وکٹیں محض 63 رنز پر گرگئیں تاہم اس کے بعدجان مک نیلی اور ہیری ڈائر نے اپنی ٹیم کو سنبھال لیا۔ جان مکینلی نے 53 اور ہیری ڈائر نے31 رنز اسکور کیے۔

عبید شاہ نے31 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔وہ اس ٹورنامنٹ میں  اب تک 12 وکٹیں حاصل کرکے سرفہرست ہیں۔  علی رضا، عامرحسن اور احمد حسن نے آئرلینڈ کے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان انڈر19  نے مطلوبہ 182 رنز  44 ویں اوور میں بنا لئے۔ پاکستان انڈر 19 کی بھی پہلی پانچ وکٹیں 96 رنز پر گرگئی تھیں تاہم اس کے بعد احمد حسن اور ہارون ارشد نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا۔ ہارون ارشد  25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ احمد حسن نے 7 چوکوں کی مدد سے57 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور ٹیم کو جیت تک لے گئے۔ 
پاکستان انڈر19 ٹیم سپر سکس مرحلے میں اپنا دوسرا میچ فروری کو بنگلہ دیش انڈر19 کے خلاف بنونی میں کھیلے گا۔