افغانستان کی حکومت پاکستان سے مثبت تعلقات کیلئے پر عزم ہے: افغان وزیر خارجہ

افغانستان کی حکومت پاکستان سے مثبت تعلقات کیلئے پر عزم ہے: افغان وزیر خارجہ

افغان وزیر خارجہ مولوی امیرخان متقی نے کہا ہےکہ افغانستان کی حکومت پاکستان سے مثبت تعلقات کے لیے پر عزم ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان نے کابل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افغان وزیرخارجہ مولوی امیرخان متقی سے ملاقات کی۔
 افغان وزارت خارجہ کے مطابق  ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی و سفارتی تعلقات پربات چیت ہوئی۔ ملاقات میں تجارت، راہداری اور عوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  افغانستان کی حکومت پاکستان سے مثبت تعلقات کے لیے پر عزم ہے، افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کے تبادلے کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
 امیر خان متقی کا کہنا تھا کہ  شہریوں کے درمیان نقل و حرکت آسان بنانے کے ساتھ موجودہ مسائل کے حل کی کوشش کی جائے۔
محمد صادق خان نے افغان وزیر خارجہ کو پاکستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔
پاکستان کے نمائندہ خصوصی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان مثبت تعلقات پر زور دیا۔
 صادق خان کا کہنا تھا کہ  افغانستان میں سکیورٹی پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے، دورے کا مقصد دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور  ٹرانزٹ  شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنا ہے۔