اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی
اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 16ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، 24 گھنٹے کے دوران مزید 700 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے جنوبی شہرخان یونس کے رہائشی علاقے میں وحشیانہ فضائی حملے اوربدترین گولہ باری کی گئی۔
اسرائیلی فوج کی جارحیت کے باعث 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہیں جبکہ شہدا اور زخمیوں میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر گنجان آباد جبالیہ کیمپ میں رہائشی عمارتوں کونشانہ بنایا، شدید بمباری کے باعث متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے، عمارتیں ملبے کاڈھیر بن گئیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق جبالیہ کیمپ میں ایک لاکھ 16 ہزار سے زیادہ پناہ گزین رجسٹرڈ ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس کے مشرقی علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عارضی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق قطر کی ثالثی میں جاری مذاکرات معطل ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہوچکا ہے، کوئی جگہ حملوں سے محفوظ نہیں، غزہ میں محصورمتاثرین کیلئے رفع کراسنگ سے محدود پیمانے پرامداد کی ترسیل جاری ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی فسطائیت اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے، غزہ سمیت مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی القدس پر اسرائیل دوبارہ حملہ آور ہے۔
ایک جائزہ چھوڑیں۔