’کسی ادارے کو یہ حق نہیں کہ پارلیمنٹ کو کمزور کرے‘

’کسی ادارے کو یہ حق نہیں کہ پارلیمنٹ کو کمزور کرے‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ کسی ادارے کو یہ حق نہیں کہ آئین کی اپنی مرضی سے تشریح یا پھر پارلیمنٹ کو کمزور کرے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر عطا تارڑ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے ممبران کو پی ٹی آئی میں جانے کی اجازت دے دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کیا فلور کراسنگ کو لیگل نہیں کردیا گیا، الیکشن کمیشن کے فارم سے لے کر پارلیمنٹ میں بیان حلفی سمیت سب ختم کردیا اور پی ٹی آئی جوائن کرنے کا کہہ دیا گیا، عوام نے جنہیں پارلیمنٹ میں بھیجا ہے آئین اور قانون سازی کرنا ان کا حق ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے، انہوں نے ہمیشہ بہترین انداز میں امور انجام دیے ہیں۔

یہ پڑھیں: ڈبےکھلنے کے بعد فارم 45 ہو یا 75 اس کی حیثیت نہیں رہتی، چیف جسٹس

وفاقی وزیر کے مطابق اسپیکر نے پی ٹی آئی ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے اور کمیٹی بنائی، تمام سیاسی جماعتیں اسپیکر کے فیصلوں کی تائید کرتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں ایاز صادق کا الیکشن کمیشن کو خط تاریخی سنگ میل ہے، آئین نے قانون، سازی اور قانون بنانے کا اختیار پارلیمان کو دیا ہے، 63 اے کی تشریح کی باری آئی تو کہا گیا ووٹ کاسٹ ہوگا مگر گنا نہیں جائے گا، سپریم کورٹ کی آرٹیکل 63 اے کی تشریح آئین دوبارہ لکھنے کے مترادف ہے۔