مسلح افواج کو قوم کی حمایت حاصل ہے، آرمی چیف

مسلح افواج کو قوم کی حمایت حاصل ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قوم کی حمایت حاصل ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکا نے مسلح افواج افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، آرمی چیف نے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات وطیرہ بن چکا ہے، ان الزامات کا مقصد عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں بشام میں چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے، بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی گئی۔

شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، دہشت گرد پاکستان، سی پیک کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کررہے ہیں۔

علاوہ ازین کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

شرکا نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، فلسطینی عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی گئی، فورم نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

شرکا نے کہا کہ فریقین نے فوری طور پر کشیدگی کم نہ کی تو وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ تربیت کے اعلیٰ معیار کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں، دہشت گردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں، مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔