بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان 3 دہائیوں تک بالی وڈ پر راج کرنے کے بعد چند سال قبل فلموں  سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے تھے لیکن جلدہی فلم ’ستارے زمین پر ‘کے ساتھ ایک بار پھر  دھماکے دار انٹری مارنے کو تیار ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران عامر خان نے فلموں  سے ریٹائرمنٹ کے اعلان اور اس فیصلے پر سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے جذباتی ہونے سے متعلق گفتگو کی۔
عامر خان نے بتایا کہ ’میں نے فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ مکمل ہونے سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا تھا، کووڈ کے بعد مجھے احساس ہوا کہ 18سال کی عمر سے شروع ہونے والے کیرئیر  نے  میری ساری توجہ سنیما اور فلموں پر ہی مرکوز رکھی، اس دوران میں خاندان کو وقت ہی نہ دے سکا حتیٰ کہ دونوں سابقہ اہلیہ کو بھی زیادہ وقت نہیں دے سکا۔
عامر خان نے بتایا کہ کووڈ کے دوران میں ایسے جذباتی لمحوں سے گزرا جب میں  نے خاندان کو وقت نہ دینے کے سبب  خود کو مجرم محسوس کیا، میں نے فیصلہ کیا کہ  گزشتہ 35 سالوں کے دوران میں نے متعدد فلمیں کی ہیں لیکن اب وقت خاندان  پر توجہ مرکوز کرنے کا ہے، مجھے خوشی ہے کہ مجھے یہ احساس 88 سال کی عمر کے بجائے 57 سال کی عمر میں ہوگیا کیوں کہ تب تک بہت دیر ہوچکی ہوتی۔
ریٹائر منٹ کے اعلان پر اہل خانہ بالخصوص سابقہ اہلیہ کرن راؤ  کے ردعمل پر گفتگو کرتے ہوئے عامر خان  نے بتایا کہ ’جب میں نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا ذکر اپنے اہل خانہ سے کیا تو بچوں نے ریٹائرمنٹ نہ لینے پر اکسایا، جب یہ بات کرن کو پتا چلی تو اس نے تنہائی میں آکر آبدیدہ ہوتے ہوئے  مجھ سے سوال کیا کہ کیا آپ ہمیں چھوڑ رہے ہیں؟ میں نے کہا، 'نہیں، میں آپ کو نہیں  فلمیں چھوڑ رہا ہوں'، جس پر کرن نے مجھے کہا کہ آپ  child of cinema ہیں، اگر آپ فلمیں چھوڑ رہے ہیں تو آپ ہمیں چھوڑ رہے ہیں'کرن نہیں چاہتی تھی کہ  میں ہر وقت گھر میں رہوں‘۔ 
حال ہی میں 6 فلموں کو سائن کرنے پر عامر خان کا کہنا تھا کہ میں  نے 6 فلمیں اس لیے سائن کی ہیں کیونکہ میں ایک اداکار کے طور پر اپنی  زندگی کے آخری 10 سالوں کو سب سے زیادہ نتیجہ خیز بنانا چاہتا ہوں۔
Card image cap
نہ ارجیت، نہ شریا، نہ ہی سونو، بھارت کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا گلوکار کون؟

بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کے نام لیں تو اس میں سلمان خان، اکشے کمار، شاہ رخ خان اور دیگر بڑے اداکار شامل ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا گلوکار کون ہے؟
بالی وڈ میں اکثر گلوکاروں کو اتنا زیادہ معاوضہ نہیں دیا جاتا، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ماضی کے معروف گلوکار محمد رفیع اپنے وقت پر ایک گانے کا صرف 300 روپے معاوضہ لیتے تھے۔ 
پھر وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں اور حالات تبدیل ہوئے اور اب یہ حال ہے کہ بالی وڈ میں ایک ایسا گلوگار بھی ہے جو صرف ایک گانا گانے کا 3 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیتا ہے۔
آپ کو یہ جان کر شاید حیرانی بھی ہو ، یہ نام ارجیت سنگھ ،شریا گھوشال یا سونو نگم کا نہیں ہے۔
پھر یہ گلوکار کون ہے؟
بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان اس وقت بھارت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے گلوکار ہیں۔
انڈسٹری کے اندرونی ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ اے آر رحمان ایک گانا گانے کے لیے 3 کروڑ روپے کی شاہانہ رقم وصول کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اے آر رحمان زیادہ تر میوزک کمپوزر کی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں اور گلوکاری کم ہی کرتے ہیں، لیکن جس گانے میں بھی وہ اپنی آواز کا جادو جگاتے ہیں وہ گانا سپر ہٹ ہو ہی جاتا ہے۔
علاوہ ازیں بالی وڈ کے دیگر مشہور گلوکاروں کے معاوضے کے بارے میں بات کریں تو شریا گھوشال ایک گانے کا 25 لاکھ روپے معاوضہ وصول کرتی ہیں۔  
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارجیت سنگھ ایک گانے کا 18 سے 20 لاکھ روپے معاوضہ لیتے ہیں جبکہ سونو نگم ایک گانے کا 15 سے 18 لاکھ روپے معاوضہ حاصل کرتے ہیں۔


سدھو موسے والا کے والدین نے اپنے چھوٹے بیٹے کا چہرا دکھا دیا

بھارت: پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین نے اپنے چھوٹے بیٹے کا چہرا دکھا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق  آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین نے اپنے چھوٹے بیٹے کا چہرا سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سدھو موسے والا کے اکاؤنٹ پر دکھایا۔
سدھو کے والدین کی جانب سے اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کا نام شبھدیپ رکھا گیا ہے، تصویر میں بچے کو ہلکے گلابی رنگ کی پگڑی پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق  رواں سال مارچ میں سدھو موسے والا کے 60 سالہ والد بلکور سنگھ اور ان کی 58 سالہ اہلیہ چرن کور کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھدیپ سنگھ تھا جنہیں 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں جس کے نتیجے میں سدھو موسے والا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود 2 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔
سدھو موسے والا نے اپنے گانے خود لکھے اور تیار کیے جب کہ انہیں پنجابی کے امیر ترین گلوکاروں میں شمار کیا جاتا تھا۔

ارجن سے رشتہ ختم ہونے کے بعد ملائیکہ کی انسٹاگرام اسٹوری وائرل

اداکار ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد اداکارہ ملائیکہ اروڑا کی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری وائرل ہورہی ہے۔
کچھ روز قبل اداکار کی جانب سے اپنی عمر سے بڑی ملائیکہ اروڑا سے بریک اپ ہونے کی تصدیق کی گئی۔
ارجن نے اپنی نئی فلم سنگھم اگین کی تشہیر کے لیے ہونے والے ایک ایونٹ میں بتایا تھا کہ وہ اب سنگل ہیں۔
تاہم بریک اپ کے بعد ملائیکہ کی ذومعنی سوشل میڈیا پوسٹ سامنے آئی جسے ان کے مداح ارجن کے ساتھ ہونے والے بریک اپ سے منسلک کررہے ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر گڈمارننگ کا پیغام شیئر کیا گیا جس کے ساتھ لکھا تھا کہ 'ہر مثبت سوچ ایک خاموش دعا یا عبادت ہوتی ہے جو آپ کی زندگی کو تبدیل کردیتی ہے'
یاد رہے کہ ملائیکہ اور ارجن نے 2018 میں ڈیٹنگ شروع کی تاہم انہوں نے اپنے تعلقات کو کئی عرصے تک چھپا کررکھا، دونوں کے تعلق کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد ان کی شادی کے حوالے سے بھی افواہیں سرگرم رہیں تاہم جوڑے کی جانب سے کبھی بھی شادی کی افواہوں پر ردعمل نہیں دیا گیا۔
گزشتہ ماہ ملائیکہ کے والد انیل مہتا کی خودکشی پر ارجن کپور اداکارہ سے ملنے گھر بھی آئے تھے۔

طلاق کی خبروں کے باوجود ابھیشیک اور ایشوریا کونسی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے؟

بالی وڈ کی معروف جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن طلاق کی خبروں کی زد میں ہیں لیکن اب حال ہی میں دونوں سے متعلق نئی تفصیل سامنے آئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب دونوں ایک ساتھ ایک فلم میں جلوہ گر بھی ہونے جارہے ہیں، میگا اسٹارز مشہور فلم ساز منی رتنم ایک نئی ہندی فلم پر کام کر رہے ہیں جس میں اس  جوڑی کو کاسٹ کرنے کی خبریں ہیں۔

منی رتنم نے 2007 میں فلم گرو کے بعد انہیں راون میں بھی اکٹھا کاسٹ کیا تھا، اب وہ ایک اور فلم کےلیے دلچسپ کہانی تلاش کر چکے ہیں جس میں یہ جوڑی پھر نظر آئے گی۔

رپورٹس کے مطابق منی رتنم وہ شخص ہیں جنہوں نے ایشوریا اور ابھیشیک میں قربیتیں بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، دونوں کی لوو اسٹوری کا آغاز فلم گرو کے سیٹ سے ہی ہوا تھا۔

واضح رہے کہ ابھیشیک بچن سے متعلق خبریں زیرِ گردش ہیں کہ وہ اداکارہ نمرت کور کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں جبکہ ایشوریا رائے سے ان کی علیحدگی ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے دونوں اداکاروں کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا جبکہ اداکارہ نمرت کور ابھیشیک سے تعلقات کی تردید کر چکی ہیں اور کہہ چکی ہیں کہ وہ اور ابھیشیک دوست سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔

سلمان کے بعد شاہ رخ خان کو بھی جان سے مارنےکی دھمکی

ممبئی: بالی وڈ اداکار سلمان خان کے بعد  اب کنگ  خان کہلائے جانے  والے شاہ رخ  خان کو  بھی جان سے مارنےکی دھمکی ملی ہے۔ 
بھارت میڈیا کے مطابق ممبئی کے  باندرا پولیس اسٹیشن میں ایک کال موصول ہوئی اور فون کرنے والے نے شاہ رخ خان سے 50 لاکھ تاوان مانگا جب کہ عدم ادائیگی کی صورت میں بالی وڈ خان کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی۔ 
رپورٹ کے مطابق پولیس کو موصول فون ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور سے کیا گیا اور ٹریس کرنے کے بعد نمبر ایک فیضان نامی شخص کا نکلا مگر مبینہ ملزم نے کہا ہے کہ اس کا فون 2 نومبر کو چوری ہوگیا تھا۔ 
بھارتی میڈیاکےمطابق شاہ رخ خان سے متعلق دھمکی آمیز کال موصول ہونے کا مقدمہ باندرا پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے گزشتہ سال اکتوبر میں فلم ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی کامیابی کے بعد بھی  شاہ رخ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں جس کے بعد انھیں وائی پلس سکیورٹی دی گئی تھی۔ 
دوسری جانب سلمان خان کو دھمکی دینے والا لارنس بشنوئی کا بھائی کرناٹک سے گرفتار کرلیاگیا۔
بھارتی میڈیا کےمطابق ممبئی پولیس ٹریفک کنٹرول کو 5 نومبر کو سلمان خان کے لیے دھمکی آمیزپیغام موصول ہواتھا جس میں سلمان خان سے 5کروڑ روپےطلب کیے گئے تھے اور عدم ادائیگی کی صورت میں قتل کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔