350

پاک بحریہ کے سربراہ کا بحرین کا سرکاری دورہ

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحرین کا سرکاری دورہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مناما میں رائل بحرین نیول فورس ہیڈ کوارٹرز آمد پررائل بحرین نیول فورسز کے سربراہ نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا، اس موقع پر نیول چیف کو روایتی انداز میں سلامی پیش کی گئی۔

بعدازاں پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈر بحرین، نیشنل گارڈز اور کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈ سے ملاقاتیں بھی کیں-

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز سے ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور باہمی بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ پاک بحریہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کارگردگی بشمول پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرول کے اقدام پر بھی روشنی ڈالی-

اس کے علاوہ انہوں نے فروری 2019 میں پاکستان کی جانب سے کراچی میں منعقد کی جانے والی کثیرالملکی بحری مشق امن 19 کے متعلق کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو بریف کیا۔ 

کمانڈر رائل بحرین نیول فورس نے خطے میں بحری امن و استحکام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا، اوردیگر ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سکیورٹی اشتراک پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات میں مضبوطی اور استحکام کا باعث ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں