120

بھارتی اقدام سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی، جواد ظریف

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔

ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور امن و امان کی مخدوش صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو تہس نہس کرنے پر تلا ہوا ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ بھارت نے گزشتہ 4 ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ رات کی تاریکی میں بچوں اور نوجوانوں کو جبراً اغوا کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال تشویشناک ہے، خوراک اور ادویات میسر نہیں، بین الاقوامی میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے کہا کہ بھارتی اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں